وزیراعظم شہباز شریف منگل کے روز ملائیشیا کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد واپس پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے یہ دورہ 5 سے 7 اکتوبر تک ملائیشیا کی قیادت کی دعوت پر کیا ہے۔
دورے کے دوران انہوں نے ملائیشیا کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے اور علاقائی و کثیرالملکی فریم ورکس کے تحت تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے کیا گیا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کو انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا (آئی آئی یو ایم ) کی جانب سے لیڈرشپ اور گورننس کے شعبے میں اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا گیا۔
ملائیشیا کی ریاست پاہنگ کی ملکہ اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا (آئی آئی یو ایم ) کی آئینی سربراہ تنکو عزیزہ امینہ میمونہ اسکندریہ نے کوالالمپور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو لیڈرشپ اور گورننس میں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس عظیم علمی ادارے سے اعزازی ڈگری حاصل کرنا اُن کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئی آئی یو ایم اور پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان تعلیمی شراکت داری اور تعاون کے روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری روایت میں قیادت کوئی استحقاق نہیں بلکہ ایک مقدس امانت ہے، جسے نیک نیتی، خلوص، عدل اور اللہ تعالیٰ کے سامنے شفاف احتساب کے ساتھ نبھانا چاہیے۔
انہوں نے آئی آئی یو ایم کی مسلسل کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان و ملائیشیا کے درمیان مزید اتحاد، اخوت اور قریبی ہم آہنگی پر مبنی مستقبل کی خواہش ظاہر کی۔
ملکہ تنکو عزیزہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم نے یہ ثابت کیا ہے کہ حقیقی قیادت طاقت نہیں بلکہ مقصد کا نام ہے، تعلیم، صحت اور مواقع کے ذریعے زندگیوں کو سنوارنے اور معاشروں کو بہتر بنانے کا عمل۔
انہوں نے اس بات کو یاد دلایا کہ پاکستان آئی آئی یو ایم کا بانی شراکت دار رہا ہے اور کہا کہ پاکستانی طلبہ اور سابق طلبہ آج بھی یونیورسٹی کو علمی طور پر مالا مال کر رہے ہیں اور اُمت کی خدمت کے ہمارے مشترکہ مشن کو فروغ دے رہے ہیں۔