ڈالر کے مقابلے روپیہ مزید مضبوط
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی نسبت روپیہ 3 پیسے (0.01 فیصد) کی بہتری سے 281.22 کا ہوگیا۔
یاد رہے کہ پیر کو مقامی کرنسی 281.25 روپے پر بند ہوئی تھی۔
بین الاقوامی سطح پر جاپانی ین منگل کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں دو ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا کیونکہ پارٹی قیادت میں فتح کے بعد جاپان میں توجہ اس بات پر مرکوز ہوگئی کہ مالیاتی نرمی کی حامی سَنائے تاکائی چی کی کابینہ میں کون شامل ہوگا۔
تاکائی چی کو جاپان کی حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے پانچ امیدواروں میں سب سے زیادہ نرم رویہ رکھنے والا امیدوار سمجھا جا رہا ہے جو ہفتے کو سخت مؤقف رکھنے والے وزیراعظم شیگرو اشیبا کی جگہ منتخب ہوئیں۔
فرانس کے وزیراعظم کے استعفے کے بعد یورو کمزور پوزیشن میں رہا جبکہ یورپی مرکزی بینک کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ شرحِ سود میں کمی ضروری ہوسکتی ہے۔
تاجر امریکی حکومت کے شٹ ڈاؤن کے باعث دیگر معاشی اشارے رک جانے کے بعد دن کے دوران فیڈرل ریزرو کے پالیسی سازوں کی تقاریر پر نظر رکھیں گے۔
ڈالر انڈیکس 0.05 فیصد اضافے کے ساتھ 98.17 پر پہنچ گیا۔
یورو معمولی تبدیلی کے ساتھ 1.1705 ڈالر پر مستحکم رہا۔
وائٹ ہاؤس نے پیر کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان سے دوری اختیار کی کہ حکومت کے شٹ ڈاؤن کے باعث سرکاری ملازمین کو پہلے ہی برطرف کیا جا رہا ہے، تاہم خبردار کیا کہ اگر یہ تعطل ساتویں روز تک برقرار رہا تو روزگار کے مزید نقصانات ہوسکتے ہیں۔
مارکیٹ کی توجہ اب فیڈرل ریزرو پر مرکوز ہے تاکہ شرحِ سود میں مزید نرمی کے وقت اور پیمانے سے متعلق اشارے حاصل کیے جا سکیں۔
فیڈ سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ 28 اور 29 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں شرحِ سود میں 25 بیسس پوائنٹس کی کمی کرے گا کیونکہ حالیہ اعدادوشمار مزدور منڈی کی کمزوری ظاہر کرتے ہیں۔