وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں اساتذہ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے عظیم معلم حضرت محمد مصطفیٰ پر لاکھوں درود و سلام ہوں۔

انہوں نے کہا کہ استاد کی عظمت وقت اور الفاظ کی محتاج نہیں، کیوں کہ ان کی خدمات بے مثال اور دائمی ہیں۔ ہم اپنے محترم اساتذہ سمیت ہر استاد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے یاد دلایا کہ استاد معاشرے کا سب سے معتمد اور قابلِ احترام طبقہ ہے۔ اس لیے پوزیشن ہولڈرز کے ساتھ ساتھ ان کے اساتذہ کو بھی اعزازات سے نوازا گیا ہے ، تاکہ ان کی عظمت کو تسلیم کیا جا سکے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ایک اچھا استاد نہ صرف علم دیتا ہے بلکہ طلبہ کی اخلاقی تربیت اور روایات سے روشناس بھی کراتا ہے۔ انہوں نے پنجاب کے لاکھوں اساتذہ کی محنت، لگن اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک اچھا استاد معاشرے میں مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔

انہوں نے اساتذہ کو ملک کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کا اعتراف ہر سطح پر ہونا چاہیے۔