پاکستان

آئی ایم ایف مشن کو سیلاب کے نقصانات سے آگاہ کردیا گیا

  • تباہ کن سیلاب کے باعث طے شدہ سرپلس صوبائی بجٹ کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکے
شائع October 5, 2025 اپ ڈیٹ October 5, 2025 09:18am

پاکستان نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے باعث آئی ایم ایف سے قرضے کی تیسری قسط کے لیے جاری مذاکرات میں اقتصادی اہداف کے جائزے پر بات چیت کی ہے۔

پاکستانی حکام نے دورہ کرنے والی آئی ایم ایف ٹیم کو سیلاب کے نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا، جبکہ سیلاب سے متاثرہ صوبوں نے مذاکرات کے دوران اقتصادی اہداف کے ازسرِنو جائزے کی درخواست کی۔

ذرائع کے مطابق صوبوں نے اپنے مطالبے میں مؤقف اختیار کیا کہ تباہ کن سیلاب کے باعث طے شدہ سرپلس صوبائی بجٹ کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکے۔

دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران صوبوں کے لیے 1,464 ارب روپے کا اضافی بجٹ ہدف مقرر کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب 740 ارب روپے کے سرپلس پرائمری بجٹ کا ہدف حاصل نہیں کر سکا، جبکہ سندھ نے بھی 370 ارب روپے کے بجٹ سرپلس کے ہدف پر نظرِثانی کی درخواست کی ہے۔ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا نے اپنے بجٹ کے سرپلس کو وفاقی حکومت سے تمام محصولات کی مکمل وصولی سے مشروط کیا ہے۔

خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے لیے بالترتیب 220 ارب روپے اور 150 ارب روپے کے سرپلس بجٹ کے اہداف مقرر کیے گئے تھے۔ذرائع کے مطابق سیلاب کے نقصانات کے باعث خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ میں بنیادی بجٹ سرپلس حاصل نہیں ہو سکا۔

صوبوں کے اضافی بجٹ سے متعلق یہ معاملہ پالیسی سطح کے مذاکرات میں آئی ایم ایف مشن کے حکام کے ساتھ مزید زیرِ بحث آئے گا۔