پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اعلان کیا ہے کہ منگل کو پاک فوج نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے مقامی طور پر تیار کردہ نئے کروز میزائل فتح 4 کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔ اس میزائل کی رینج 750 کلومیٹر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 4 میزائل ایڈوانس ایویونکس اور جدید ترین نیوی گیشن سسٹم سے لیس ہے۔ یہ میزائل زمینی پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کی وجہ سے یہ دشمن کے دفاعی میزائل نظام سے بچتے ہوئے انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی اہلیت رکھتا ہے۔
یہ میزائل آرمی راکٹ فورس کمانڈ کا حصہ ہے اور اسے پاکستان کے روایتی میزائل سسٹم کی پہنچ، مہلک صلاحیت اور بقا کو بڑھانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
لانچ کا مشاہدہ چیف آف جنرل اسٹاف، اعلیٰ فوجی افسران اور اس نظام کی تیاری میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں اور انجینئرز کی ٹیموں نے کیا۔
صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر پاک افواج ، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔