شہرِ قائد میں منگل کو تیز اور ہلکی برسات ہوئی جبکہ مزید بارشوں کا سلسلہ بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔پاکستان میٹ آفس کے مطابق بارش کے باعث صدر، گرو مندر، گلشنِ اقبال، ڈی ایچ اے، گلستانِ جوہر، بلدیہ ٹاؤن، شیرشاہ اور حسن اسکوائر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ایک موسمیاتی سسٹم خلیج کَچھ کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کے باعث سندھ کے کئی اضلاع میں بھی منگل اور بدھ کو ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز خلیج کمبے اور بھارتی ریاست گجرات کے قریب موجود کم دباؤ کا علاقہ اب سوراشٹر اور ملحقہ علاقوں میں موجود ہے، جو مزید مغرب جنوب مغرب کی طرف بڑھتے ہوئے شمال مشرقی بحیرۂ عرب میں داخل ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ اس سسٹم کے نتیجےمیں آج اور کل کراچی ڈویژن سمیت شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، حیدرآباد، جامشورو، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الٰہ یار، عمرکوٹ، میرپور خاص، ٹھٹھہ، سجاول، مٹیاری، تھرپارکر اور بدین اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دریں اثنا صوبے کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہی گیروں کو پیش گوئی کے دوران کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ آندھی اور بجلی گرنے کے واقعات کے دوران کمزور ڈھانچوں مثلاً کچے گھروں کی چھتیں اور دیواریں، بجلی کے کھمبے، ہورڈنگ بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔