تمباکو نسل در نسل مختلف معاشروں میں استعمال ہوتا رہا ہے، تاہم صرف جدید تحقیق کی بدولت ہی اس کے خطرات اور متبادل زیادہ واضح انداز میں سامنے آئے ہیں۔
جدید تحقیق نے یہ ثابت کیا ہے کہ سگریٹ نوشی کے بنیادی نقصانات نکوٹین سے نہیں بلکہ تمباکو کو جلانے سے پیدا ہوتے ہیں، جس سے ہزاروں زہریلے کیمیکلز خارج ہوتے ہیں، جن میں ستر سے زیادہ معلوم شدہ سرطان پیدا کرنے والے عناصر شامل ہیں۔ یہ فرق اہم ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگرچہ نکوٹین نشہ پیدا کرنے والی ہے، لیکن یہ کینسر، دل کی بیماری یا فالج کی براہ راست وجہ نہیں ہے۔
اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے، عوامی صحت کے ادارے جیسے کہ برطانیہ کا رائل کالج آف فزیشنز اور نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) نے زیادہ محفوظ متبادل جیسے ویپس، ہیٹڈ ٹوبیکو اور اورل نکوٹین پاؤچز کی صلاحیت کو اجاگر کیا ہے، جب ان کو مناسب ضابطوں کے تحت استعمال کیا جائے۔ یہ مصنوعات نقصان دہ زہریلے مادوں سے ایکسپوژر کو نمایاں طور پر کم کرسکتی ہیں اور بالغ سگریٹ نوشوں کو روایتی سگریٹ سے دور ایک کم نقصان دہ راستہ فراہم کر سکتی ہیں۔
یہ تصور تمباکو ہارم ریڈکشن (ٹی ایچ آر) کو عوامی صحت کی ترجیحی پالیسی کے طور پر اپنانے پر مبنی ہے۔ اگرچہ سگریٹ نوشی چھوڑ دینا سب سے محفوظ انتخاب ہے، لیکن بہت سے لوگ اس کے بغیر متبادل کے یہ کرنے کے امکانات نہیں رکھتے۔ ٹی ایچ آر کا مقصد بالغ سگریٹ نوشوں کو، جو بصورت دیگر سگریٹ نوشی جاری رکھیں گے، نمایاں طور پر کم نقصان دہ نکوٹین مصنوعات کی طرف منتقل کرنا ہے۔
لہٰذا سوال یہ ہے کہ کیا حکومت کے لیے کوئی اچھی پالیسی اپنانے کے طریقے ہیں اور کوئی غلط حکمتِ عملیاں ہیں جن سے بچنا چاہیے جب تمباکو کے متبادل کی بدلتی ہوئی صورتحال کی بات آتی ہے؟ جواب ہے، جی ہاں! اس سوال کے دونوں حصوں کو درست ثابت کرنے والی کچھ آزمودہ پالیسیاں موجود ہیں۔
سویڈن نے طویل عرصے سے نکوٹین کی دھوئیں سے پاک مصنوعات کے لیے رسک پر مبنی ریگولیٹری نقطۂ نظر اپنایا ہے، خاص طور پر تمباکو سے پاک اورل پاؤچز، جنہیں صحت کے حکام وسیع پیمانے پر کم خطرناک متبادل تسلیم کرتے ہیں۔ 1960 کی دہائی میں تقریباً نصف سویڈش مرد سگریٹ پیتے تھے۔
حالیہ حکومتی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ صرف 4.5 فیصد سویڈش نژاد افراد جن کی عمر 16 سال سے زیادہ ہے سگریٹ نوشی کرتے ہیں، جو تمباکو نوشی سے پاک اسٹیٹس کے عالمی معیار سے کہیں کم ہے۔ اسموک فری سویڈن موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر ڈیلون ہیومن نے کہا کہیہ شاندار کامیابی دنیا کو دکھاتی ہے کہ جب پالیسی ساز شواہد پر عمل کرتے ہیں تو کیا کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ سویڈن کا اپنی تمباکو پالیسی کی بنیاد کے طور پر ہارم ریڈکشن کو اپنانا بلا شبہ زندگیاں بچائے گا اور دیگر ممالک کو ترغیب دے گا کہ وہ نظریے کے بجائے سائنس اور عوامی صحت کو ترجیح دیں۔
دوسری طرف، جب پالیسیاں جامع نہیں ہوتیں تو وہ ممالک پر سنگین اثر ڈالتی ہیں۔ آئیے آسٹریلیا کی مثال لیتے ہیں جہاں ویپر مصنوعات پر پابندی نے غیر قانونی صنعت کو جنم دیا اور منظم جرائم کو فروغ دیا۔
غیر قانونی ویپ کاروبار، جو زیادہ تر منظم جرائم کے کنٹرول میں ہے، دن بدن پرتشدد ہوتا جا رہا ہے، جس میں آتشزدگی، فائر بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے 200 سے زیادہ واقعات پیش آ چکے ہیں۔ استعمال کو کم کرنے کے بجائے، پابندی پر مبنی پالیسیوں نے صارفین کو غیر ضابطہ شدہ مصنوعات کی طرف دھکیل دیا ہے۔ قانونی رسائی کو محدود کرکے، حکام نے غیر قانونی پیداوار اور فروخت کرنے والوں کو طاقت دی ہے، حفاظت کو خطرے میں ڈالا ہے اور صارفین کو زہریلے مادوں جیسے آرسینک، زنک، سیسہ اور پارے کے سامنے کر دیا ہے۔
آسٹریلوی بارڈر فورس کے ڈپٹی کمشنر، ٹم فٹزجیرالڈ نے وضاحت کی کہ یہ منظم جرائم پیشہ گروہ غیر قانونی ویپ کے منافع بخش کاروبار میں مارکیٹ شیئر کے لیے مقابلہ کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی مجرمانہ سرگرمیاں، آتشزدگی اور تشدد جنم لیتے ہیں۔
عالمی سطح پر، ایک زیادہ متوازن نقطۂ نظر کامیاب ثابت ہوا ہے: سویڈن جیسے ممالک، جنہوں نے دھوئیں سے پاک مصنوعات پر ترقی پسند پالیسیاں اپنائی ہیں، نے سگریٹ نوشی کی شرح میں تیزی سے کمی دیکھی ہے، اس کے برعکس پابندی پر مبنی ممالک جیسے آسٹریلیا، جہاں مطلوبہ نتائج ابھی تک حاصل نہیں ہو سکے۔ ایک اور مثال جاپان کی ہے، جہاں ہیٹڈ ٹوبیکو مصنوعات (ایچ ٹی پیز) کے تعارف کے ساتھ ہی سگریٹ کی فروخت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
2016 اور 2021 کے درمیان، سگریٹ نوشی میں تقریباً ایک تہائی کمی واقع ہوئی، جو اتنے کم عرصے میں دنیا بھر میں ریکارڈ کی جانے والی تیز ترین کمیوں میں سے ایک ہے۔ صنعت اور حکومتی اعداد و شمار اس تبدیلی کی بڑی وجہ بالغ سگریٹ نوشوں کا روایتی سگریٹ سے ہیٹڈ ٹوبیکو پروڈکٹس (ایچ ٹی پیز) کی طرف منتقل ہونا بتاتے ہیں، جو اب جاپان کی تمباکو کی کل مارکیٹ کا ایک چوتھائی سے زیادہ حصہ ہیں۔
پاکستان میں فی الحال ایسی کوئی عوامی صحت کی پالیسی موجود نہیں ہے جو ان نئی متبادل مصنوعات کو مدِنظر رکھتی ہو۔ موجودہ صورتحال زیادہ تر مالیاتی پالیسی پر مرکوز ہے، جو مثبت صحت کے نتائج پیدا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ ویپر مصنوعات اور نکوٹین پاؤچز جیسی نئی مصنوعات بھی ریگولیٹرز کی سخت نظر میں ہیں، جو صارفین کو قابل عمل متبادل فراہم کیے بغیر ممکنہ طور پر محفوظ آپشنز کو دبانے کا خطرہ رکھتی ہیں۔
ضابطہ کاری اہم ہے، لیکن یہ عوامی مرکزیت پر مبنی ہونی چاہیے۔ نیوزی لینڈ، سویڈن اور جاپان میں سگریٹ نوشی کی شرح تمباکو ہارم ریڈکشن کی سب سے مؤثر حکمتِ عملی کو قومی سطح پر عوامی صحت کی پالیسی کے طور پر اپنانے کے نتیجے میں کم ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ نے ویپر مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے ایک قومی مہم شروع کی تاکہ سگریٹ نوش کم نقصان دہ آپشنز کی طرف منتقل ہوں۔
وزارتِ صحت فعال طور پر سگریٹ نوشوں کو تبدیلی کی ترغیب دیتی ہے، اور ’ویپنگ فیکٹس‘ جیسی مہمات چلاتی ہے تاکہ درست معلومات کو فروغ دیا جا سکے، جس کے نتیجے میں لوگ سگریٹ نوشی سے کم خطرے والی مصنوعات کی طرف منتقل ہوئے۔
اسی طرح، نیشنل ہیلتھ سروس (ایچ ایچ ایس) اب کم خطرے والے متبادل کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ویپر ڈے مناتی ہے۔ ان ممالک نے پابندی کی کمزوریوں سے بچتے ہوئے ثبوت، صارفین کی حفاظت اور ہارم ریڈکشن پر مبنی پالیسیاں اپنائی ہیں؛ ایک ایسا طریقہ جسے پاکستان اپنے حالات کے مطابق اپنا سکتا ہے۔
پاکستان کو ایسے معیارات وضع کرنے چاہئیں جو یہ یقینی بنائیں کہ یہ مصنوعات صارفین کے لیے محفوظ ہوں، ان پر سخت کوالٹی چیک ہوں اور حکومتی اداروں کے ذریعے مناسب طریقے سے نافذ کیے جائیں۔ ہمارا ملک بین الاقوامی بہترین عملی مثالوں سے بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے، جیسے ایک ریگولیٹری فریم ورک قائم کرنا جو سگریٹ نوشوں کو ایسے متبادل کی طرف منتقل ہونے میں مدد دے جو حکومت کے طے کردہ معیارات پر پورا اترتے ہوں۔
اس کے ساتھ ساتھ عوام کو سگریٹ نوشی کے خطرات اور تبدیلی کے ذریعے حاصل ہونے والے فوائد سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔ اگرچہ کوئی بھی نکوٹین کی مصنوعات مکمل طور پر خطرے سے پاک نہیں ہیں، لیکن ریگولیٹڈ متبادل بالغ افراد کو کم خطرے والا آپشن فراہم کر سکتے ہیں جو سگریٹ نوشی چھوڑ نہیں سکتے یا چھوڑنا نہیں چاہتے۔ تاہم، سب سے بہترین انتخاب یہی ہے کہ اس کا استعمال مکمل طور پر ترک کیا جائے اور کبھی بھی اس عادت کو شروع نہ کیا جائے۔
پاکستان کی حکومت آہستہ آہستہ ایک پابندی پر مبنی نقطۂ نظر کی طرف بڑھ رہی ہے، جو بالآخر وہی نتائج دے گا جو آسٹریلیا میں دیکھے گئے ہیں۔ ایک دانشمندانہ اور خلوص نیت پر مبنی ریگولیٹری میکانزم کی سخت ضرورت ہے تاکہ صارفین کے لیے محفوظ مصنوعات تک رسائی ممکن ہو سکے۔
سویڈن اور نیوزی لینڈ جیسے ممالک کی مثالوں پر عمل کرتے ہوئے، جہاں ٹی ایچ آر کے کامیاب نفاذ کے ساتھ سگریٹ نوشی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، ہماری حکومت کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی تجارت کو کم کرنے، صحت کے نتائج پر توجہ بڑھانے، پالیسی کے ربط کو بہتر کرنے اور صارفین کے لیے محفوظ اور معیاری مصنوعات پر ٹیکس کم کرنے پر توجہ دے۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا ہم خوف کی وجہ سے اس پر مکمل پابندی لگانا چاہتے ہیں یا حقائق سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں؟
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025