انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشیا کپ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف اور بھارت کے کپتان سوریا کمار یادو پر جرمانے عائد کر دیے ہیں جبکہ پاکستانی بیٹر صاحبزادہ فرحان کو وارننگ جاری کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران حارث رؤف کو بار بار تماشائیوں کی جانب اشارے کرنے پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔

انہیں آئندہ ایسے رویے سے باز رہنے کی تنبیہ بھی کی گئی۔ صاحبزادہ فرحان کو نصف سنچری مکمل کرنے پر بیٹ سے بندوق کی نقل کرتے ہوئے جشن منانے پر جرمانے سے تو استثنیٰ ملا لیکن انہیں وارننگ جاری کی گئی ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو لیول 1 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔

آئی سی سی نے سوریا کمار یادو پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے خلاف گروپ اسٹیج میں فتح کے بعد پوسٹ میچ پریزنٹیشن کے دوران سیاسی حوالہ دینے پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے یادو کے بیان پر باضابطہ شکایت درج کراتے ہوئے آئی سی سی سے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

ڈسپلنری سماعت کے دوران حارث رؤف نے ”0-6“ کے ہاتھ کے اشارے کا دفاع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس میں کسی قسم کی توہین کا پہلو نہیں تھا۔

فرحان کو وارننگ

دوسری جانب، صہیبزادہ فرحان نے میچ ریفری کو وضاحت دی کہ ان کی جشن منانے کی ادا ایک ثقافتی اظہار تھی، اور ماضی میں ایم ایس دھونی اور ویرات کوہلی بھی ایسے اشارے کر چکے ہیں۔ میچ ریفری نے ان کی وضاحت کو تسلیم کیا، تاہم آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی۔

اس واقعے پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا، جس نے پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف شکایات درج کرائیں، باوجود اس کے کہ میچ میں فتح بھارت کو حاصل ہوئی۔

پاکستان اور بھارت کے روایتی حریف ایک بار پھر دو ہفتوں میں تیسری مرتبہ اتوار کو ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔