غیر مسابقتی معاہدہ، ایف ایم سی کارپوریشن کی یو ڈی پی ایل کو 60 لاکھ ڈالر کی ادائیگی
یونائیٹڈ ڈسٹری بیوٹرز پاکستان لمیٹڈ (یو ڈی پی ایل) نے امریکی کمپنی ایف ایم سی کارپوریشن کے ساتھ ایک غیر مسابقتی معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت ایف ایم سی نے یو ڈی پی ایل کو 60 لاکھ ڈالر بطور معاوضہ ادا کیے ہیں۔
کیڑے مار ادویات اور کھاد تیار کرنے والی کمپنی یو ڈی پی ایل نے منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جمع کرائی گئی اپنی فائلنگ میں بتایا کہ یہ معاہدہ ان کاروباری سرگرمیوں کے سلسلے میں کیا گیا ہے جو ایف ایم سی کارپوریشن اور اس کی ذیلی کمپنی ایف ایم سی یونائیٹڈ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی سرگرمیوں کے ساتھ مماثلت رکھتی ہیں۔
کمپنی کے نوٹس میں کہا گیا کہ یونائیٹڈ ڈسٹری بیوٹرز پاکستان لمیٹڈ اور ایف ایم سی کارپوریشن نے غیر مسابقتی انتظام پر اتفاق کیا ہے۔ اس انتظام کے تحت ایف ایم سی کارپوریشن نے 60 لاکھ ڈالر کی رقم ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جو یو ڈی پی ایل کو موصول ہو چکی ہے۔
اعلان کے بعد یو ڈی پی ایل کے حصص کی قیمت 5.99 روپے (6.81 فیصد) اضافے کے ساتھ بڑھ کر 93.95 روپے تک پہنچ گئی۔
یو ڈی پی ایل کی ویب سائٹ کے مطابق کمپنی 1981 میں قائم ہوئی تھی۔ ابتدا میں اس نے ڈاؤ ایگری سائنسز، ایف ایم سی اور پاینیر جیسی عالمی زرعی کمپنیوں کے ڈسٹری بیوشن پارٹنر کے طور پر کام کیا۔ بعدازاں 1991 میں یو ڈی پی ایل، ایف ایم سی اور پاینیر کی مشترکہ شراکت دار بنی اور مقامی ذیلی ادارے قائم کیے بغیر دونوں کمپنیوں کے کاروبار کو ترقی دینے میں معاونت کی۔
ادھر ایف ایم سی کارپوریشن ایک امریکی کیمیکل مینوفیکچرنگ کمپنی ہے جس کا صدر دفتر فلاڈیلفیا، پینسلوینیا میں واقع ہے۔ کمپنی کا آغاز 1883 میں انسیکٹی سائیڈ تیار کرنے والے ادارے کے طور پر ہوا اور بعد میں اس نے اپنی سرگرمیوں کو دیگر صنعتوں تک پھیلا دیا۔