پاکستان

پاکستان اور تاجکستان کے درمیان براہ راست فضائی رابطے قائم کرنے کے لئے بات چیت

پاکستان اور تاجکستان کے درمیان سیاحتی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں جس کے تحت براہ راست...
شائع September 19, 2025 اپ ڈیٹ September 19, 2025 02:59pm

پاکستان اور تاجکستان کے درمیان سیاحتی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں جس کے تحت براہ راست فضائی رابطے قائم کرنے اور طلباء کے تبادلے کے پروگرام شروع کرنے کی منصوبہ بندی پر بات چیت ہو رہی ہے تاکہ علاقائی تعاون کو فروغ دیا جاسکے۔

یہ امور دوشنبے میں منعقدہ گلوبل ٹورازم انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر ہونے والی ملاقاتوں کے دوران زیرِ بحث آئے جہاں پاکستان کی نمائندگی وزیرِاعظم کے سیاحت سے متعلق نیشنل کوآرڈینیٹر اور اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر سردار یاسر الیاس خان نے کی۔

یواین ٹورازم کے تعاون سے منعقدہ اس فورم نے دنیا بھر سے سیاحت کے وزراء، سفیر، بین الاقوامی سرمایہ کار اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا تاکہ سیاحتی شعبے میں عالمی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جاسکیں۔

ایونٹ کے دوران سردار یاسر الیاس خان نے تاجکستان کے پہلے نائب وزیرِ اعظم ہاکم خولقزادہ اور سرمایہ کاری اور سرکاری املاک کے انتظام سے متعلق ریاستی کمیٹی کے چیئرمین سلطان رحیم زادہ کے ساتھ سٹریٹیجک بات چیت کی۔ بات چیت کا محور دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کر کے باہمی تعاون کو بڑھانا، سیاحت اور تجارت کو فروغ دینا اور تجارت و سرمایہ کاری کو مضبوط کرنے کے لیے فریم ورک قائم کرنا تھا۔

سردار یاسر کو کلیدی مقرر کے طور پر بھی مدعو کیا گیا جہاں انہوں نے پاکستان کی متنوع سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کیا، اس کے امیر ثقافتی ورثے، قدرتی مناظر اور پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کیلئے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ ان کی پیشکش نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور اسٹیک ہولڈرز کی خصوصی توجہ حاصل کی جو ابھرتے ہوئے سیاحتی مقامات میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کررہے ہیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025