**آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیسی رواں ہفتے امریکا روانہ ہو رہے ہیں جہاں امکان ہے کہ ان کی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلی ملاقات ہو۔ ماہرین کے مطابق اس ملاقات میں آکس (اے یو کے یوایس ) دفاعی معاہدہ اور چین مرکزی موضوعات ہوں گے۔

آسٹریلوی وزیراعظم کے دفتر نے بتاتا کہ البانیسی ہفتے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک روانہ ہوں گے اور منگل کو صدر ٹرمپ کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔ اگرچہ باضابطہ دوطرفہ ملاقات کا اعلان نہیں ہوا،تاہم آسٹریلوی میڈیا کے مطابق دونوں کےدرمیان ملاقات ممکن ہے۔

لووی انسٹیٹیوٹ کے مائیکل فللف کے مطابق ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے دس ماہ بعد بھی البانیسی ان سے نہیں ملے اور امریکا میں سفیر نہ ہونے کے باعث تعلقات کافی کمزور ہیں۔ سابق سفیر آرتھر سینوڈینوس کا کہنا ہے کہ البانیسی کو آکس آبدوز منصوبے پر ٹرمپ سے اصولی حمایت لینا ہوگی ،تاکہ سرمایہ کاری بڑھے۔ یہ منصوبہ چین کے بحرالکاہل میں بڑھتے اثرورسوخ کا جواب سمجھا جاتا ہے اور فی الحال پینٹاگون کے جائزے میں ہے۔

البانیسی اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت اور بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی کے حق میں موقف پیش کریں گے، جو واشنگٹن کی پالیسیوں سے مختلف ہے،تاہم دونوں ممالک میں اہم معدنیات کے شعبے میں تعاون پر اتفاق ہے۔ اس ہفتے 20 سے زائد آسٹریلوی کمپنیاں ٹرمپ انتظامیہ سے بات چیت کر چکی ہیں۔

تجارت کے معاملے پر آسٹریلیا فری ٹریڈ معاہدے کی پاسداری پر زور دے گا۔ ہفتے کو آسٹریلیا نے مغربی علاقے میں آکس آبدوزوں کی دیکھ بھال کے لیے شپ یارڈ اپ گریڈ پر 12 ارب آسٹریلوی ڈالر خرچ کرنے کا اعلان کیا۔ بحرالکاہل میں چین کے بڑھتے اثرورسوخ کو محدود کرنا امریکا اور آسٹریلیا کی بڑی ترجیح ہے۔