سٹی فارما لمیٹڈ (سی پی ایچ ایل) نے اعلان کیا ہے کہ اس کی مکمل ملکیتی سبسڈری، سٹی ویٹرنری لمیٹڈ (سی وی ایل)، نے پاکستان کی ویٹرنری ہیلتھ کیئر مارکیٹ میں باضابطہ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔ کمپنی نے ابتدائی طور پر 32 مصنوعات متعارف کرائی ہیں اور مالی سال 2025-26 میں 1.5 ارب روپے کے ٹرن اوور کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ تین سال کے اندر اسے 10 ارب روپے تک بڑھانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
یہ اعلان جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں کیا گیا۔
نوٹس کے مطابق، سٹی ویٹرنری لمیٹڈ نے ابتدائی طور پر 32 ویٹرنری مصنوعات لانچ کی ہیں جن میں ویکسینز بھی شامل ہیں، جبکہ 8 مصنوعات کے لیے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز) پہلے ہی کھولے جا چکے ہیں تاکہ وقت پر دستیابی اور سپلائی یقینی بنائی جا سکے۔ مالی سال 2025-26 کے لیے سٹی ویٹرنری لمیٹڈ تقریباً 1,500 ملین روپے کے متوقع ٹرن اوور اور 13 فیصد مجموعی منافع کے مارجن کا ہدف رکھتی ہے۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ چین میں طویل مدتی اور مضبوط سپلائی پارٹنرشپس پاکستان میں ویٹرنری ہیلتھ کیئر مارکیٹ کے لیے مستحکم اور قابل اعتماد سپلائی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ ہمارے چین میں موجود سپلائی چین پارٹنرز نے پہلے ہی ویٹرنری ڈویژنز قائم کر لیے ہیں اور سٹی ویٹرنری لمیٹڈ کو پاکستان کے ویٹرنری سیکٹر میں داخل ہونے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے۔ آگے چل کر، سٹی ویٹرنری لمیٹڈ پرعزم ہے کہ اپنے آپریشنز کو وسعت دے اور اگلے تین سال میں 10 ارب روپے کا ٹرن اوور حاصل کرے۔
پروڈکشن کے حوالے سے، کمپنی نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کو پلانٹ کا لے آؤٹ پلان جمع کروا دیا ہے، اور دسمبر 2025 میں معائنہ متوقع ہے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ معاون سہولیات پہلے سے قائم ہیں، جبکہ کمپنی نے مقامی طور پر تیار کردہ مشینری حاصل کر لی ہے اور اضافی مشینری کی درآمد کے لیے بھی ایل سیز کھول دیے ہیں۔ ان اقدامات کے ساتھ، پلانٹ مالی سال 2025-26 کی چوتھی سہ ماہی کے آخر تک ٹرائل پروڈکشن کے لیے تیار ہو جائے گا جبکہ تجارتی پیداوار مالی سال 2026-27 کے آغاز سے شروع ہو جائے گی۔
مزید برآں نوٹس میں کہا گیا کہ سٹی ویٹرنری لمیٹڈ 2026-27 میں پاکستان کا پہلا مخصوص ویٹرنری اے پی آئی پلانٹ قائم کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔ ان ہاؤس پروڈکشن کے آغاز کے بعد کمپنی کا مجموعی منافع کا مارجن تقریباً 25 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے جو زیادہ ویلیو ایڈیشن اور بہتر آپریشنل افادیت کی عکاسی کرے گا۔
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں سٹی فارما نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور سٹی آر ای آئی ٹی مینجمنٹ کمپنی کے نام سے اپنی مکمل ملکیتی سبسڈری قائم کی تھی۔ اسی اجلاس میں کمپنی کے بورڈ نے فارمولیشن سیکشن کے لیے اینٹی بایوٹک پلانٹ کے قیام کی بھی منظوری دی تھی۔ اس کے علاوہ کمپنی نے یہ بھی بتایا تھا کہ وہ ایک اسپتال کے قیام کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ منصوبے پر بات چیت کر رہی ہے۔