پاکستان اور ہانگ کانگ نے بدھ کے روز قانونی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او سی) پر دستخط کیے۔

یہ معاہدہ ہانگ کانگ میں منعقدہ دسویں بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ کے موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر اور ہانگ کانگ کے سیکرٹری برائے انصاف پال ٹی کے نے دستخط کیا۔

دونوں فریقین قانونی معاملات، صلاحیت سازی، ثالثی اور متبادل نظام انصاف (اے ڈی آر) کے فروغ کے ساتھ ساتھ نئے شعبوں جیسے ڈیجیٹل گورننس اور ورچوئل اثاثوں کی ریگولیشن میں تعاون کو فروغ دیں گے۔

سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے راجہ نعیم اکبر نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے قانونی شعبے کی جدید کاری اور سرحد پار شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تعاون نہ صرف علم کے تبادلے اور ادارہ جاتی اصلاحات کو سہل بنائے گا بلکہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت قانونی و ریگولیٹری جدت کو بھی گہرا کرے گا۔

یہ معاہدہ پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان انصاف اور قانونی اصلاحات کے شعبے میں تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے، جس میں دونوں فریق تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی قانونی منظرنامے کے تقاضوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات اور صلاحیت سازی کے پروگرام آگے بڑھانے پر متفق ہوئے ہیں۔