سونے کی قیمتوں میں اضافے کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتیں مقامی و بین الاقوامی مارکیٹ میں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 41 ڈالر کے نمایاں اضافے سے 3654 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 4100 روپے کے بڑے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 3 لاکھ 88 ہزار 100 روپے پر جاپہنچا۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 3514 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 32 ہزار 733 روپے ہوگئی۔
یاد رہے کہ پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت 6100 روپے کے بڑے اضافے سے 3 لاکھ 84 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 20 روپے کے اضافے سے 4358 روپے پر مستحکم رہی۔