پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کو بھی زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 51 ہزار کی سطح کے قریب پہنچ گیا۔

مارکیٹ میں دن بھر خریداری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس 151,075.67 کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1,004.36 پوائنٹس یا 0.67 فیصد اضافے سے 150,975.48 پوائنٹس پر بند ہوا۔

پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے ہیڈ آف ریسرچ سمیع اللہ طارق نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ معاشی شعبے میں بہتری، توقعات سے بہتر کارپوریٹ آمدن سے مارکیٹ میں مثبت رجحان غالب رہا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کارپوریٹ منافع میں مزید اضافے کی توقعات سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے میں مددگار ہے۔

یاد رہے کہ پیر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1,353 پوائنٹس یا 0.91 فیصد کے اضافے سے 149,971.12 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

بین الاقوامی سطح پر منگل کو ایشیائی اسٹاکس میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، امریکی ڈالر پانچ ہفتوں کی کم ترین سطح کے قریب رہا جبکہ سونا نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، کیونکہ سرمایہ کار اس ہفتے جاری ہونے والے اہم معاشی اعدادوشمار خصوصاً جمعہ کو آنے والی امریکی لیبر رپورٹ کے لیے پُر تیاری کررہے ہیں۔

مارکیٹ میں وسیع توقع ہے کہ فیڈرل ریزرو اس ماہ کے آخر میں شرحِ سود میں کمی کرے گا اور 25 بیسس پوائنٹس کمی کے امکانات 89 فیصد تک قیمتوں میں شامل ہو چکے ہیں، تاہم اس ہفتے کے اعدادوشمار سرمایہ کاروں کو یہ جانچنے میں مدد دیں گے کہ آیا مرکزی بینک زیادہ بڑی کمی کی طرف بھی جاسکتا ہے۔

توجہ کا مرکز جمعہ کو جاری ہونے والی امریکی نان فارم پے رولز رپورٹ ہوگی جس سے قبل ملازمتوں کے مواقع اور نجی شعبے کی ملازمتوں کے اعدادوشمار جاری ہوں گے۔ یہ معلومات سرمایہ کاروں اور فیڈرل ریزرو کو لیبر مارکیٹ کی زیادہ واضح تصویر فراہم کریں گی، جو پالیسی مباحثے کا مرکزی نکتہ بن چکی ہے۔

امریکی افراطِ زر کی اگست رپورٹ 11 ستمبر کو جاری ہونے کا شیڈول ہے، جو فیڈرل ریزرو کی پالیسی میٹنگ سے ایک ہفتہ قبل ہوگی۔

قرض لینے کی لاگت میں کمی کے امکان نے وال اسٹریٹ کو ریکارڈ سطح کے قریب رکھا ہوا ہے جبکہ دیگر خطوں کی اسٹاک مارکیٹس میں بھی حالیہ ہفتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

منگل کو ایم ایس سی آئی کا جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک شیئرز کا وسیع ترین انڈیکس 0.2 فیصد بڑھ گیا۔

جاپان کا نکی انڈیکس پیر کو 1 فیصد سے زائد کمی کے بعد 0.39 فیصد بڑھا۔ نیسڈیک فیوچرز میں 0.07 فیصد اضافہ ہوا جبکہ یورپی فیوچرز بھی معمولی بڑھے۔

چین کی اسٹاک مارکیٹس میں اے آئی کے بڑھتے جوش و خروش کے باعث تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

بلوچپ سی ایس آئی 300 انڈیکس منگل کو 0.26 فیصد بڑھ کر مسلسل تیسرے سیشن میں تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس پیر کو 2 فیصد اضافے کے بعد منگل کی صبح 0.19 فیصد نیچے آگیا۔