گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں پیر کے روز پاک فوج کا ایک تربیتی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں تمام 5 سوار اہلکار شہید ہو گئے، جن میں 2 میجرز بھی شامل ہیں۔

فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثہ ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر کو پیش آیا جو گلگت بلتستان کے ہُدور گاؤں کے قریب ٹھکداس چھاؤنی سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا جب اس میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی اور وہ گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے نتیجے میں تمام عملہ موقع پر ہی شہید ہو گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ شہداء میں دو میجرز بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

شہداء کی شناخت میجر عاطف (پائلٹ اِن کمانڈ)، میجر فیصل (کو پائلٹ)، نائب صوبیدار مقبول (فلائٹ انجینئر)، حوالدار جہانگیر (کریو چیف) اور نائیک عامر (کریو چیف) کے طور پر ہوئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تربیتی مشنز، آرمی ایوی ایشن کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہیں، جن کا مقصد ہر قسم کے فرائض، آپریشنل سپورٹ سے لے کر انسانی ہمدردی اور قدرتی آفات کے دوران امدادی کارروائیوں تک، کے لیے آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنا ہے۔

بیان کے مطابق پاک فوج تمام شعبوں میں مکمل تیاری یقینی بنانے کے عزم پر قائم ہے۔

قبل ازیں سینئر پولیس افسر عبدالحمید نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر ایک پہاڑی سیاحتی علاقے میں نئے مجوزہ ہیلی پیڈ پر آزمائشی لینڈنگ کر رہا تھا کہ اچانک گر کر تباہ ہوگیا۔

ان کے مطابق مرنے والوں میں دو پائلٹ اور تین ٹیکنیشن شامل تھے۔ حادثہ صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر گلگت بلتستان حکومت کی ملکیت تھا۔

عینی شاہدین اور سیکورٹی اہلکاروں نے جائے حادثہ پر لگی آگ بجھانے کی کوششیں کیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب چند ہفتے قبل خیبر پختونخوا میں سیلابی امدادی کارروائیوں کے دوران حکومت کا ایک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس میں تمام پانچ اہلکار جان کی بازی ہار گئے تھے۔

پاکستان میں حالیہ برسوں کے دوران کئی جان لیوا ہیلی کاپٹر حادثے ہوچکے ہیں۔ 2022 میں بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے دوران ایک ہیلی کاپٹر گرنے سے فوج کے پانچ جوان اور ایک اعلیٰ کمانڈر جاں بحق ہوگئے تھے۔

دریں اثناء صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے پیر کے روز گلگت بلتستان میں ٹھکداس چھاؤنی کے قریب آرمی ایوی ایشن کے تربیتی ہیلی کاپٹر کے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

صدر اور وزیرِاعظم نے اپنے الگ الگ بیانات میں شہداء کے درجات کی بلندی اور جنت میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی ہے۔

انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی ہے۔