انڈونیشیا میں مظاہرین کی جانب سے علاقائی پارلیمنٹ کی عمارت میں آگ لگانے کے بعد تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔ یہ مظاہرے صدر پرابوو سوبیانٹو کی حکومت کے لیے پہلا بڑا امتحان قرار دیے جا رہے ہیں۔
جنوبی سولاویسی کے دارالحکومت ماکاسر میں جمعہ کی شام لگنے والی آگ کے باعث ہلاکتوں کی وجوہات فوری طور پر واضح نہیں کی گئیں۔ انتارا نیوز ایجنسی کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد عمارت میں پھنس گئے تھے جبکہ دو زخمی افراد عمارت سے چھلانگ لگانے کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔
انڈونیشیا کی دارالحکومت جکارتہ میں اس ہفتے پارلیمانی ارکان کی تنخواہوں کے خلاف مظاہرے شروع ہوئے جو جمعہ کو اس وقت شدت اختیار کر گئے جب پولیس کی ایک زرعی گاڑی نے رائیڈ ہیلنگ موٹر بائیک کے ڈرائیور کو ٹکر دے کر ہلاک کردیا گیا۔ صدر پرابوو نے جمعہ کو مرحوم کے والدین سے تعزیت کی اور ہلاکت کی تحقیقات کا وعدہ کیا۔
جکارتہ میں بعض جگہوں پر لوٹ مار اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں، جبکہ بندونگ اور یوگیاکارٹا میں بھی مظاہرے ہوئے۔ مظاہرے کے مقام کے قریب جکارتہ ماس ریپڈ ٹرانزٹ اور ٹرانس جکارتہ بس سروس متاثر رہی۔ ہفتے کو فوری طور پر نئے مظاہروں کے آثار نہیں دیکھے گئے۔