ایرک ٹرمپ نے کہا ہے کہ ٹرمپ فیملی بٹ کوائن کمیونٹی سے محبت کرتی ہے اور اس پر یقین رکھتی ہے، جس نے ان کے والد ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری بار امریکہ کا صدر بننے سے پہلے ہی بھرپور حمایت دی تھی۔

ایرک ٹرمپ ہانگ کانگ میں ہونے والی بٹ کوائن ایشیا کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بٹ کوائن کی قدر ایک ملین ڈالر تک پہنچے گی۔

ایرک ٹرمپ نے کہا کہ بٹ کوائن کمیونٹی نے میرے والد کو ایسے انداز میں اپنایا جیسا میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔ اور مجھے امید ہے کہ اس کا بھرپور فائدہ ہوا ہوگا کیونکہ ہم اس کمیونٹی سے محبت کرتے ہیں۔ ہم اس کمیونٹی پر یقین رکھتے ہیں۔“

اس سال بٹ کوائن کی قدر میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اگست کے وسط میں یہ 124,480.82 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچا، جسے ٹرمپ انتظامیہ کی نسبتاً دوستانہ ریگولیشنز اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی مستقل طلب نے سہارا دیا۔

دنیا کی سب سے مشہور کرپٹو کرنسی اس ریکارڈ سطح سے نیچے آگئی ہے اور جمعہ کے روز اس کی قدر 110,554.05 ڈالر رہی، جو ایک دن میں ایک فیصد سے زائد کمی ہے۔ ایرک ٹرمپ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بٹ کوائن ایک ملین ڈالر تک پہنچے گا۔