سری لنکا کے سابق صدر رانیل وکرما سنگھے کو گرفتاری کے ایک دن بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق 76 سالہ وکرما سنگھے کو ہفتے کے روز کولمبو نیشنل ہسپتال کے ایمرجنسی کیئر یونٹ لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ انہیں شوگر، ہائی بلڈ پریشر اور ڈی ہائیڈریشن کی پیچیدگیوں کا سامنا تھا۔ بعد ازاں انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت کو مستحکم قرار دیا گیا۔

پولیس کے مطابق وکرما سنگھے کو جمعہ کے روز سرکاری فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ اس وقت صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے جب سری لنکا کو بدترین معاشی بحران کا سامنا ہوا۔

مقامی رپورٹس کے مطابق ان کے خلاف برطانیہ کے ایک دورے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں جہاں انہوں نے اپنی اہلیہ کی اعزازی پروفیسرشپ کی خوشی میں ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی تھی۔ اس معاملے پر وکرما سنگھے کے دفتر نے تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

وکرما سنگھے چھ مرتبہ وزیراعظم رہ چکے ہیں اور گزشتہ سال صدارتی انتخاب میں شکست کا سامنا کیا۔ ان کی جماعت کے ایک قریبی ساتھی نے کہا ہے کہ سابق صدر بے قصور ہیں اور یہ مقدمہ سیاسی انتقام کی ایک کوشش معلوم ہوتا ہے۔