بھارت کے وزیرِ خارجہ نے ہفتے کو کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات جاری ہیں تاہم کچھ حدود ایسی ہیں جن کا دفاع نئی دہلی کے لیے لازمی ہے۔
روسی تیل کی بڑھتی ہوئی خریداری کی وجہ سے ہندوستانی مصنوعات پر امریکہ کی جانب سے اضافی محصولات کی شرح 50 فیصد تک عائد کی گئی ہے جو واشنگٹن کی جانب سے عائد کردہ سب سے زیادہ شرح میں شامل ہے۔ اس میں سے 25 فیصد محصول پہلے ہی نافذ ہو چکا ہے جبکہ باقی 25 فیصد 27 اگست سے لاگو کیا جائے گا۔
وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ تجارتی مذاکرات میں کچھ ریڈلائنز ہیں جن کا تحفظ اور دفاع کرنا ضروری ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ملک کے کسانوں اور چھوٹے صنعتکاروں کے مفادات کو ہر حال میں مدنظر رکھا جائے گا۔