پاکستان

پاکستان اور چین کا خطے میں امن و استحکام کیلئے دوستی برقرار رکھنے کا عزم

  • اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے چھٹے دور کا انعقاد
شائع August 21, 2025 اپ ڈیٹ August 21, 2025 02:42pm

پاکستان اور چین نے اپنی دوستی کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ دوستی خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے نہایت اہم ہے۔

یہ عزم آج اسلام آباد میں چھٹے دور کے فارن منسٹرز اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوران ایک بار پھر دہرایا گیا، جس میں چینی وزیر خارجہ وانگ ای اور پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار شریک ہوئے۔

دفترِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملاقات میں دونوں فریقین نے پاک-چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

۔

وزرائے خارجہ نے سی پیک 2.0، تجارتی و اقتصادی تعلقات، کثیرالجہتی تعاون اور عوامی سطح پر روابط سمیت دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو بھی کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاک-چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پر زور دیتے ہوئے نائب وزیرِاعظم/وزیر خارجہ اور وزیر خارجہ وانگ ای نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کی دوستی خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہے اور دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق دونوں جانب نے قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا، خواہ وہ دوطرفہ سطح پر ہو یا کثیرالجہتی فورمز پر۔

بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس میں اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آج نتیجہ خیز اور بامقصد بات چیت ہوئی جو باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں پر محیط تھی۔

مئی میں بھارت کے سرحد پار حملے کے بعد یہ وانگ ای کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ اس سے قبل وہ چند ہفتے پہلے بیجنگ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے مل چکے تھے، جسے بیجنگ اور اسلام آباد کے درمیان آہنی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کا سبب سمجھا جا رہا ہے۔

18 اگست کو بیجنگ میں پاکستان-چین اسلحہ کنٹرول، عدم پھیلاؤ اور تخفیفِ اسلحہ پر دسویں دوطرفہ مشاورت کا انعقاد ہوا، جس میں دونوں فریقین نے عالمی و علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر جامع تبادلۂ خیال کیا۔