وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان 4 روزہ سرکاری دورے پر ڈھاکہ پہنچ گئے۔ جام کمال خان کا دورہ 21 سے 24 اگست تک جاری رہے گا۔

جمعرات کو جاری کیے گئے ایک سرکاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر تجارت اپنے دورے کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی تعلقات مضبوط بنانے اور دو طرفہ تجارت میں اضافے پر بات چیت کریں گے۔

ڈھاکہ ائیرپورٹ پر بنگلہ دیشی مشیر تجارت شیخ بشیر الدین اور پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔

جام کمال خان دورے کے دوران اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب سے اعلیٰ سطح کی ملاقات بھی کریں گے ،اس کے علاوہ حکومتی شخصیات اور کاروباری رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے جن میں تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

رواں ماہ کے آغاز میں جام کمال اور پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے تجارت، توانائی، لاجسٹکس اور صنعتی روابط میں گہرے دو طرفہ تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

ان مذاکرات میں بنگلہ دیش کی بڑھتی ہوئی صنعتی ضروریات پر توجہ مرکوز کی گئی۔

گفتگو کے اہم نکات میں زرعی تجارت کے فروغ پر بھی زور دیا گیا، خاص طور پر پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیش سے اناناس کی درآمدات اور آم کی ممکنہ برآمدات، جو حتمی تکنیکی منظوری کے بعد ممکن ہوں گی۔