آسٹریلیا کی سب سے بڑی فضائی کمپنی قنطاس ایئر ویز کو غیر قانونی طور پر 1,800 زمینی عملے کو فارغ کرنے اور ان کی جگہ کنٹریکٹ ملازمین بھرتی کرنے پر 90 ملین آسٹریلین ڈالر (58.64 ملین امریکی ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ آسٹریلیا کی فیڈرل کورٹ نے پیر کے روز سنایا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ کمپنی نے کووڈ-19 وبا کے دوران کارکنوں کو برخاست کر کے ملک کے لیبر قوانین کی خلاف ورزی کی۔ عدالت نے واضح کیا کہ یہ سزا اس لیے دی جا رہی ہے تاکہ ایسا عمل محض کاروبار کرنے کی لاگت نہ سمجھا جائے بلکہ دیگر بڑی کمپنیوں کے لیے بھی سبق ہو۔
فیڈرل کورٹ کے جج مائیکل لی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ حقیقی اور مؤثر روک تھام ضروری ہے تاکہ پبلک کمپنیاں غیر قانونی اقدامات کو فائدے کے بدلے میں معمولی نقصان سمجھ کر دہرانے کی جرات نہ کریں۔
عدالتی فیصلے کے مطابق، جرمانے کی مد میں سے 50 ملین ڈالر ٹرانسپورٹ ورکرز یونین کو دیے جائیں گے، جس نے برطرف ملازمین کی جانب سے مقدمہ دائر کیا تھا۔ یاد رہے کہ تقریباً نو ماہ قبل ہی قنطاس ایئر ویز اور یونین کے درمیان برطرف عملے کے لیے 120 ملین ڈالر کا تصفیہ طے پا چکا ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد ابتدائی کاروباری دور میں قنطاس ایئر ویز کے حصص کی قیمت میں 0.13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔