وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اتوار کے روز لودھراں ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آنے والے ٹرین حادثے کا نوٹس لیا، جس میں ایک مسافر جاں بحق اور کم از کم 21 زخمی ہوئے۔
پاکستان ریلوے کے ترجمان کے مطابق پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جبکہ تین بوگیاں، جن میں ایک لگیج وین بھی شامل تھی، الٹ گئیں۔
ریسکیو ٹیمیں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ملتان اور طبی عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، جن میں سے دو تشویشناک حالت کے مریض بہاولپور ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ معمولی زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال لودھراں میں طبی امداد فراہم کی گئی۔
وزیر ریلوے نے ایک مسافر کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے ریلوے حکام کو ہدایت دی کہ متاثرہ مسافروں کو تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
حنیف عباسی نے مزید ہدایت دی کہ امدادی کاموں میں تیزی لائی جائے اور ڈاؤن ٹریک کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔ متاثرہ ٹرین کے مسافروں کو متبادل ٹرین میں منتقل کر کے ان کی منزلوں کی جانب روانہ کر دیا گیا جبکہ اپ ٹریک پر ٹرین آپریشن متاثر نہیں ہوا۔
وزیر ریلوے نے حادثے کی انکوائری کا حکم دیا اور سات روز میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔