مغل انرجی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ اس کا 36.50 میگاواٹ ہائبرڈ پاور پلانٹ ہائیڈرو ٹیسٹنگ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد حتمی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔

کمپنی نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ ایک نوٹس میں یہ پیش رفت شیئر کی۔

نوٹس میں کہا گیا کہ ہائیڈرو ٹیسٹنگ اس نوعیت کے منصوبوں میں ایک اہم مرحلہ ہوتا ہے، جس کا مقصد پائپ لائنز، بوائلرز اور متعلقہ نظاموں کی مکینیکل مضبوطی اور دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت کی تصدیق کرنا ہوتا ہے، تاکہ برقی کام شروع کرنے سے پہلے تمام نظام محفوظ ہوں۔“

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ اس مرحلے کی کامیاب تکمیل، پلانٹ کی کمرشل آپریشنز ڈیٹ (سی او ڈی) کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ اسے توقع ہے کہ یہ منصوبہ مالی سال 2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران آن لائن آ جائے گا۔

مغل انرجی 19 اگست 2012 کو پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کی گئی تھی اور اس کا ہیڈ آفس لاہور میں واقع ہے۔

کمپنی کا بنیادی مقصد بجلی اور توانائی کی تمام دیگر شکلوں اور ان سے وابستہ مصنوعات یا خدمات کی پیداوار، خرید، درآمد، تبدیلی، ترسیل، سپلائی، برآمد اور اس سے متعلق کاروبار کرنا ہے۔