ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے مطابق مردوں کا ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ دبئی اور ابوظہبی میں منعقد ہوگا، جہاں روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات میں یہ ٹورنامنٹ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک جاری رہے گا، جس میں گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں دو اضافی ٹیمیں شامل ہوں گی، یعنی مجموعی طور پر آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی۔ دبئی میں 11 اور ابوظہبی میں 8 میچز ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ابوظہبی میں افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ہوگا، جبکہ فائنل میچ دبئی میں کھیلا جائے گا۔
اے سی سی کے صدر محسن نقوی نے ہفتہ کو جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد یو اے ای میں کرنے سے ہم دنیا کے سب سے متحرک کرکٹ مراکز میں سے ایک میں جوش و خروش لے کر آئیں گے۔ دبئی اور ابوظہبی کھلاڑیوں، شائقین اور نشریاتی اداروں کے لیے اعلیٰ معیار کا تجربہ فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
گروپ اے میں دفاعی چیمپئن بھارت، پاکستان، یو اے ای اور عمان شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں ہوں گی۔