ویتنام کے شمالی صوبے دیئن بیئن میں شدید بارش کے باعث آنے والے سیلاب میں کم از کم 14 افراد ہلاک یا لاپتہ ہو گئے ہیں۔
سرکاری میڈیا نے جمعہ کو رپورٹ کیا جمعرات کی رات کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی موسلادھار بارش کے بعد سیلابی پانی تیزی سے بلند ہوا، جس سے نشیبی علاقوں میں مکانات زیرِ آب آ گئے اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات پیش آئے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ جانی نقصان پہاڑی گاؤں سا زُنگ میں ہوا، جہاں ایک شخص ہلاک اور چھ لاپتہ ہو گئے۔
صوبائی پیپلز کمیٹی کے ایک بیان کے مطابق سیلاب کے باعث صوبے کے کئی علاقوں سے مواصلاتی نظام اور بجلی کی سپلائی منقطع ہو چکی ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہانگ پُو شی گاؤں میں دو بچے مٹی کے تودے تلے دب گئے ہیں، جن کی لاشیں تاحال نہیں مل سکیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاری شدید بارشیں لاپتہ افراد کی تلاش اور امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔