9 مئی مقدمات: عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج کو 10 برس قید، فواد چوہدری بری
فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے فسادات سے متعلق تین مقدمات میں فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 108 رہنماؤں اور کارکنوں کو سزا سنائی ہے جن میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز اور رکن قومی اسمبلی زرتاج گل شامل ہیں۔
آج نیوز کے مطابق عمر ایوب، زرتاج گل اور شبلی فراز کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جب کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال احمد کاسترو کو بری کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے 9 مئی کے کیسز میں دہشت گردی کے الزامات میں 108 ملزمان کو سزا سنائی ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی 2023 کو گرفتاری کے بعد پاکستان کے مختلف علاقوں میں پرتشدد جھڑپیں پھوٹ پڑیں۔
احتجاج ملک کے بڑے اور دور دراز شہروں میں کیے گئے، کیونکہ پارٹی کارکنان اپنے چیئرمین کی گرفتاری پر مشتعل تھے۔ اس صورتحال کے پیش نظر بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مسلح افواج کو طلب کیا گیا تھا۔