بھارتی فوج نے پیر کے روز دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ دعویٰ فوج کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کیا گیا ہے۔

۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مارے گئے افراد پر شبہ تھا کہ وہ 22 اپریل کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاحوں پر کئے گئے حملے میں ملوث تھے، جس کے بعد پاکستان کے ساتھ ایک شدید عسکری تصادم شروع کیا گیا تھا۔

تاہم خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فوری طور پر ان افراد کے حملے میں ملوث ہونے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

یاد رہے کہ 7 مئی کو بھارتی فضائیہ نے سرحد پار کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ’’دہشت گردوں کے ڈھانچوں‘‘ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ پاکستان نے چھ بھارتی طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا، جن میں کم از کم تین رافیل لڑاکا طیارے بھی شامل تھے۔

دونوں ممالک کے درمیان شدید فضائی، میزائل، ڈرون اور توپ خانہ حملوں کے بعد 10 مئی کو جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔