بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش میں ایک مندر کے باہر بجلی کا تار ٹوٹنے کے بعد مچنے والی بھگدڑ میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور 19 کرنٹ لگنے سے زخمی ہوگئے۔
ضلعی مجسٹریٹ ششانک تریپاٹھی نے بتایا کہ بارابنکی کے آوسانیشور مہادیو مندر کے باہر بندروں کے ایک جھنڈ نے بجلی کے تار پر چھلانگ لگائی جس سے وہ ٹوٹ کر ایک شیڈ پر جا گرا اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ایک سینئر پولیس افسر نے رائٹرز کو بتایا کہ صبح سویرے مندر میں بھگدڑ جیسی صورتحال میں 2 افراد ہلاک ہوئے۔ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 2 بجے پیش آیا جب بعض افراد تار کی زد میں آگئے، جس سے افرا تفری مچ گئی۔
بھارت میں مذہبی اجتماعات میں بڑے ہجوم سے متعلق حادثات عام ہیں جنہیں عموماً ناقص انتظامات کا نتیجہ قرار دیا جاتا ہے۔ رواں سال جنوری میں اتر پردیش کے پریاگ راج میں مہا کمبھ میلے میں بھگدڑ کے باعث 30 افراد جان سے گئے جبکہ اتوار کو پڑوسی ریاست اتراکھنڈ کے ہریدوار میں مانسا دیوی مندر میں 6 افراد بھگدڑ میں ہلاک ہوئے۔