پنجاب نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے منشیات کے خاتمے کے لیے ملک کی پہلی صوبائی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) قائم کر دی ہے۔ یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عمل میں آیا، جس کا مقصد منشیات کے ناسور کا خاتمہ اور نوجوان نسل کو محفوظ مستقبل دینا ہے۔

پنجاب نے آئینی اصلاحات اور ادارہ جاتی اقدامات کے ذریعے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ یاد رہے کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد 2018 میں ہر صوبے کو اپنی خصوصی فورسز قائم کرنے کا اختیار حاصل ہوا تھا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں اب تک وائلڈ لائف فورس، ماحولیاتی فورس، جنگلات فورس اور پیرا فورس کا قیام عمل میں آ چکا ہے۔ اب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی تشکیل سے پنجاب کو یہ اعزاز حاصل ہو گیا ہے کہ وہ منشیات کے خلاف اپنی نوعیت کی پہلی فورس قائم کرنے والا صوبہ بن گیا ہے۔

مریم نواز شریف کی ہدایت پر قائم کی جانے والی صوبائی فورسز کو پنجاب بھر میں منشیات کے خاتمے کے لیے مؤثر، فوری اور پیشہ ورانہ کارروائی کی مکمل صلاحیت سے لیس کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سی این ایف کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا، جس کے دوران پاسنگ آؤٹ پریڈ میں فورس نے جنرل سلامی پیش کی۔ تقریب میں افسران اور جوانوں نے حلف اٹھایا جبکہ وزیراعلیٰ نے فورس کو پرچم سپرد کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے جوانوں سے ملاقات کی اور کہا کہ کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے قیام سے پنجاب کا مستقبل محفوظ اور روشن دکھائی دیتا ہے۔

مریم نواز شریف نے سی این ایف کی خواتین اسٹاف کے مارچ پاسٹ کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے لیس گاڑیوں اور آلات کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بریگیڈیئر مظہر اقبال نے فورس کے قیام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے سی این ایف کی خواتین اہلکاروں کے مارچ پاسٹ کو سراہا اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے لیس گاڑیوں اور آلات کا معائنہ بھی کیا۔ ڈی جی سی این ایف بریگیڈیئر مظہر اقبال نے فورس کے قیام، تربیت اور صلاحیتوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سی این ایف کو منشیات کے خلاف فوری، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائیوں کے لیے مکمل طور پر تیار کیا گیا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025