عسکری جنرل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (اے جی آئی سی) نے منسلک کمپنی عسکری ڈیولپمنٹ اینڈ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (اے ڈی ایچ ایل) سے 432 ملین روپے سے زائد مالیت کی کمرشل پراپرٹی خرید لی ہے۔
لسٹڈ انشورنس کمپنی نے یہ پیشرفت منگل کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کیے گئے نوٹس میں ظاہر کی۔
نوٹس کے مطابق ای جی آئی سی نے اے ڈی ایچ ایل کے ساتھ ایک متعلقہ فریق کے لین دین میں لاہور میں واقع عسکری کارپوریٹ ٹاور کی دوسری منزل پر کمرشل پراپرٹی حاصل کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔
تقریباً 432.4 ملین روپے (ٹرانزیکشن لاگت کے علاوہ) مالیت کی اس ڈیل میں 12,011 مربع فٹ کمرشل فلور کی خریداری شامل ہے۔
اس لین دین کی وجوہات بیان کرتے ہوئے اے جی آئی سی نے کہا کہ یہ معاہدہ کمپنی کے طویل مدتی سرمائے میں اضافے اور اثاثہ جات کی تنوع کو بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ عسکری جنرل انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے کسی بھی ڈائریکٹر یا ایگزیکٹو کا اس لین دین میں براہِ راست یا بالواسطہ کوئی ذاتی مفاد نہیں ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ آرمی ویلفیئر ٹرسٹ (اے ڈبلیو ٹی) عسکری جنرل انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے جاری کردہ شیئر کیپٹل کا تقریباً 59.25 فیصد حصص رکھتا ہے اور اے ڈی ایچ ایل پر بھی کنٹرول رکھتا ہے۔
اس خبر کے فائل ہونے کے وقت اے جی آئی سی کے شیئر کی قیمت 51 روپے کے قریب تھی، جو 0.47 روپے یا 0.93 فیصد کے اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔
اے جی آئی سی کو کمپنیز آرڈیننس 1984 (جو کمپنیز ایکٹ 2017 کے نفاذ سے منسوخ ہوا) کے تحت 12 اپریل 1995 کو ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔
کمپنی کا تعلق نان لائف انشورنس بزنس سے ہے جس میں فائر، میرین، موٹر، ہیلتھ اور متفرق شعبے شامل ہیں۔ یہ کمپنی آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کی سبسڈری ہے۔