زاریا لمیٹڈ، جو پاکستان کے بڑے کموڈیٹی بی ٹو بی پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے، نے عالمی سطح پر توسیع کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے دبئی، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں اپنی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی قائم کر لی ہے۔

اس پیش رفت کا اعلان کمپنی نے منگل کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں کیا۔

نوٹس میں کہا گیا کہہم یہ اطلاع دیتے ہوئے خوش ہیں کہ زاریا لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد کمپنی نے متحدہ عرب امارات میں ’زاریا کامرس ایف زیڈ سی او‘ کے نام سے ایک مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی کامیابی سے قائم کر لی ہے۔

زاریا نے کہا کہ یو اے ای میں اس نئی کمپنی کا قیام عالمی وسعت کی حکمتِ عملی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہدبئی میں علاقائی ہیڈکوارٹر کے آغاز کے ساتھ، زاریا اب بین الاقوامی منڈیوں میں وسعت کے لیے بہتر طور پر تیار ہے اور ٹیکنالوجی پر مبنی بی ٹو بی تجارت میں اپنا کردار مضبوط کرے گا۔

یہ اقدام ہماری طویل مدتی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے — عالمی سطح پر موجودگی بڑھانا، بیرون ملک آپریشنز کو مضبوط بنانا، برآمدات پر مبنی ترقی کو تیز کرنا، تجارت کو ڈیجیٹل بنانا اور دنیا بھر میں نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنا۔

زاریا پُر اعتماد ہے کہ یہ اسٹریٹجک سرمایہ کاری کمپنی کی طویل مدتی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرے گی اور شیئر ہولڈرز کے لیے پائیدار قدر پیدا کرے گی۔

یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں زاریا نے 2025 کے پہلے آئی پی او کے ذریعے 1.03 ارب روپے حاصل کیے تھے، جس میں 6 کروڑ 25 لاکھ شیئرز فروخت کیے گئے۔

اس وقت کمپنی نے بتایا تھا کہ آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم کو توسیع اور آپریشنل کارکردگی میں اضافے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ کام کرنے والے سرمایہ کا بڑا حصہ ایگری بایو ماس میں لگایا جائے گا، جو کہ ایک تیزی سے بڑھتا ہوا شعبہ ہے کیونکہ کاروبار اب زیادہ سے زیادہ قابلِ تجدید اور پائیدار توانائی کے حل اپنا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ، 24 فیصد رقم کو ان ہاؤس لاجسٹکس ماڈل قائم کرنے میں استعمال کیا جائے گا، تاکہ زاریا تھرڈ پارٹی لاجسٹکس پر انحصار کم کر سکے۔

مزید یہ کہ، 12 فیصد رقم کو ٹیکنالوجی میں بہتری کے لیے مختص کیا جائے گا، تاکہ اسکیل ایبلٹی کو یقینی بنایا جا سکے اور صارفین کا تجربہ بہتر ہو۔ باقی رقم کو مارکیٹنگ، انسانی وسائل اور دفتر کی توسیع پر خرچ کیا جائے گا۔