پاکستان کے امریکہ میں سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے امریکہ کی جانب سے کوئی دباؤ نہیں ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نے واضح کیا کہ اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی قائداعظم محمد علی جناح کے وژن پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہاسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے امریکہ کی جانب سے بالکل بھی کوئی دباؤ نہیں ہے۔
سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں بہتری پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان میں کرپٹو کرنسی مائننگ اور متعلقہ ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کے لیے وافر بجلی کے وسائل دستیاب ہیں۔
دوطرفہ تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں اور دونوں ممالک تجارت، توانائی اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے کئی مواقع موجود ہیں، خاص طور پر ڈیجیٹل معیشت کے ابھرتے ہوئے شعبے — جیسے کرپٹو مائننگ — کے لیے پاکستان کے پاس خاطر خواہ بجلی کے ذخائر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ ماہ ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثہ جات کے لیے ایک جامع ضابطہ کار (ریگولیٹری فریم ورک) کی تیاری کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔