ٹاٹا ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ نے جمعرات کو واضح کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں اس کے شیئر کی قیمت میں ہونے والے غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے متعلق کمپنی کو کسی بھی ممکنہ وجہ کا علم نہیں ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ وہ سیکیورٹیز ایکٹ 2015 اور پی ایس ایکس کے قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے ہر اس اہم اور قیمت پر اثر انداز ہونے والی معلومات کو بروقت ظاہر کرنے کے لیے پرعزم ہے جو اس کے شیئرز کی قیمت یا کاروباری حجم کو متاثر کرسکتی ہو۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ ہم تصدیق کرتے ہیں کہ ہماری معلومات کے مطابق کمپنی کے علم میں کوئی ایسی اہم پیش رفت، عوامل یا غیر افشا شدہ معاملات نہیں ہیں جو حالیہ دنوں میں شیئر کی قیمت یا تجارتی حجم میں اتار چڑھاؤ کی معقول وجہ بن سکتے ہوں، لہٰذا اس سلسلے میں کسی بھی معلومات کی افشا موجودہ قوانین کے تحت درکار نہیں۔
گزشتہ ایک ماہ میں ٹاٹا ٹیکسٹائل کے شیئر کی قیمت 62.58 روپے سے بڑھ کر 219 روپے تک پہنچ گئی — یعنی تقریباً 250 فیصد کا غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔
جمعرات کو رپورٹ مرتب کیے جانے کے وقت کمپنی کا شیئر 219 روپے پر ٹریڈ ہو رہا تھا، جو کہ 10.13 روپے یا 4.85 فیصد کا یومیہ اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
ٹاٹا ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کا قیام پاکستان میں 1987 میں کمپنیز آرڈیننس 1984 کے تحت عمل میں آیا۔ یہ ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے جو یارن کی تیاری اور فروخت کے کاروبار سے وابستہ ہے۔
اس کا یونٹ پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں واقع ہے۔