وفاقی حکومت نے یکم جولائی 2025 سے تمام وفاقی سول پنشنرز بشمول دفاعی بجٹ سے تنخواہ پانے والے سول افسران، ریٹائرڈ مسلح افواج کے اہلکاروں اور سول آرمی کے اہلکاروں کے لیے پنشن میں 7 فیصد اضافہ کردیا ہے۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری کیے گئے دفتری نوٹیفیکیشن (او ایم) کے مطابق صدر مملکت نے اس اضافے کی منظوری دے دی ہے جو نیٹ پنشن کا 7 فیصد ہوگا۔
یہ اضافہ یکم جولائی 2025 یا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے پنشنرز پر بھی لاگو ہوگا۔
ساتھ ہی 1954 کے پنشن کم گریجویٹی اسکیم، 1977 کے لبرلائزڈ پنشن رولز، وفاقی سول سروسز کے اضافی پنشن رولز اور CSR-353 کے تحت دی جانے والی کمپاشنیٹ (معاونتی) الاؤنس پر بھی یہ اضافہ دیا جائے گا۔
پیرا نمبر1 میں بیان کردہ اضافے کی اہلیت کے لیے ”نیٹ پنشن“ کا مطلب ہے 30 جون 2025 کو وصول کی جا رہی نیٹ پنشن جس سے میڈیکل الاؤنس منہا کیا جائے۔
یہ پنشن آئندہ اضافے کے حساب کے لیے بنیادی پنشن سمجھی جائے گی۔
یہ اضافہ فنانس ڈویژن کے دفتر نوٹیفیکیشن نمبر 9 (3)R-6/2024-403 مورخہ 01 جنوری 2025 کے مطابق ایک علیحدہ رقم کے طور پر برقرار رکھا جائے گا۔
اگر وفاقی حکومت کی طرف سے منظور شدہ مجموعی پنشن کسی دوسرے سرکاری ادارے کے ساتھ حساب کتاب کے ضوابط کے مطابق تقسیم کی جاتی ہے، تو اس اضافے کی رقم بھی وفاقی حکومت اور متعلقہ دوسرے ادارے کے درمیان تناسب کے حساب سے بانٹی جائے گی۔
یہ اضافہ خصوصی اضافی پنشن پر قابلِ اطلاق نہیں ہوگا جو قبل از ریٹائرمنٹ آرڈرلی الاؤنس کے بدلے دی جاتی ہے اور نہ ہی ڈرائیور یا آرڈرلی کے منیٹائزڈ (مالی) فوائد پر۔