پاکستان کی بڑی انجینئرنگ کمپنی ڈیسکان نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ یاسر صدیق کو کمپنی کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کر دیا گیا ہے۔ ان کی تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے اور وہ اس عہدے پر بقیہ مدت کے لیے فائز رہیں گے۔

یہ پیش رفت پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس کے ذریعے سامنے آئی جس میں بتایا گیا ہے کہ یاسر صدیق کی تقرری، سابق سی ای او محمد محسن ضیاء کے استعفیٰ کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔

ڈیسکان، جس کا صدر دفتر پاکستان میں واقع ہے، ایک کثیرالقومی ادارہ ہے جو انجینئرنگ، توانائی، کیمیکل اور زرعی شعبوں میں سرگرم عمل ہے۔

یہ ادارہ ابتدا میں بطور انجینئرنگ کمپنی قائم ہوا مگر وقت کے ساتھ ساتھ اس نے کیمیکل اور پاور پلانٹس کی ملکیت و آپریشن سنبھالے اور معائنہ (انسپکشن) و جانچ (ٹیسٹنگ) جیسے ضمنی شعبوں میں بھی قدم رکھا ہے۔