یو ایس ایف نے موبائل کنیکٹیویٹی اور ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ منصوبوں کے لیے 7.5 ارب روپے کی منظوری دے دی
یو ایس ایف کے جاری کردہ بیان کے مطابق یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اور بغیر رکاوٹ موبائل کنیکٹیویٹی کے منصوبوں کے لیے 7.49 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے۔
ان منصوبوں کے تحت ملک کے 10 اضلاع کے 347 موضع جات میں 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد کو ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اور موبائل کنیکٹیویٹی فراہم کی جائے گی۔ علاوہ ازیں، دو آپٹیکل فائبر کیبل (او ایف سی) منصوبے دو اضلاع میں 28 لاکھ سے زائد رہائشیوں کو فکسڈ براڈبینڈ خدمات سے روشناس کروائیں گے۔
یو ایس ایف کا کہنا ہے کہ اس منصوبے میں 940 کلومیٹر فائبر آپٹک کیبل بچھانے اور 113 شہروں اور یونین کونسلز کو مربوط کرنے کا عمل شامل ہے، جو ملک بھر میں ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے اور دور دراز علاقوں کو طاقتور بنانے کی ایک اہم کوشش ہے۔
ضرار ہاشم خان کی صدارت میں یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 98واں اجلاس یونیورسل سروس فنڈ کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ممبر ٹیلی کام محمد جہانزیب رحیم، محمد یوسف اور سی ای او یونیورسل سروس فنڈ چوہدری مدثر نوید شریک ہوئے جبکہ عائلہ مجید نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بورڈ کے چیئرمین ضرار ہاشم خان نے کہا کہ یونیورسل سروس فنڈ پاکستان کے ڈیجیٹل منظرنامے میں انقلاب برپا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف نئے منصوبے شروع کر رہے ہیں بلکہ اپنے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو بھی یقینی بنا رہے ہیں اور اپنے ہدفات پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔
یونیورسل سروس فنڈ کے چیئرمین نے مزید کہا کہ یونیورسل سروس فنڈ کے تبدیلی ساز منصوبوں نے 37 ملین سے زائد افراد کو بااختیار بنایا ہے، ڈیجیٹل خلا کو پُر کیا ہے اور دور دراز علاقوں کی باصلاحیت نوجوانوں اور خواتین کو فری لانسرز اور اسٹارٹ اپس کے طور پر کامیابی کے مواقع فراہم کیے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ عظیم الشان کامیابی یونیورسل سروس فنڈ کے اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے جس نے پاکستان کی آئی ٹی صنعت کو نئی بلندیوں پر پہنچایا اور آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا، جس سے ملک ایک ابھرتا ہوا ٹیک ہب بن گیا ہے۔
سی ای او یونیورسل سروس فنڈ چوہدری مدثر نوید نے جاری، مکمل شدہ اور آنے والے منصوبوں پر اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔
بورڈ نے دور دراز علاقوں میں کنیکٹیویٹی کے فروغ میں یونیورسل سروس فنڈ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اس کے منصوبے نہ صرف ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی فراہم کرتے ہیں بلکہ پاکستان کے آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کرتے ہیں، خاص طور پر دیہی اور دور دراز علاقوں میں ان پٹ کنیکٹیویٹی کو بڑھا کر، جس کا گہرا اثر پڑتا ہے۔
فیصلے کی تفصیلات کے مطابق یونیورسل سروس فنڈ بورڈ نے سات منصوبوں کو کم قیمت پیش کنندگان کو دینے کی منظوری دی، جس سے پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
یونیورسل سروس فنڈ کے مطابق خاص طور پر، دو آپٹیکل فائبر کیبل (اوایف سی) منصوبے، جو دو اضلاع میں 940 کلومیٹر پر محیط ہیں، جن کی مالیت 5.65 ارب روپے سے زائد ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ منصوبے سانگھڑ اور جھنگ اضلاع میں ڈیجیٹل خدمات میں انقلاب لائیں گے اور تقریباً 2.8 ملین باشندوں کو کنیکٹ کریں گے۔ سانگھڑ منصوبہ 415 کلومیٹر آپٹیکل فائبر کیبل بچھائے گا، جبکہ جھنگ منصوبہ 525 کلومیٹر پر محیط ہوگا۔
ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد 113 شہروں اور یونین کونسلز کے رہائشیوں کو ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کی سہولت میسر آئے گی، جو ڈیجیٹل خلا کو پُر کرے گی اور مقامی کمیونٹیز کو ڈیجیٹل دنیا میں ترقی کے مواقع فراہم کرے گی۔
دریں اثناء سخت ٹینڈر شرائط کے پورے ہونے کے بعد ایک اور کم قیمت پیش کنندہ کو پانچ براڈبینڈ سروسز کے منصوبے دیے گئے جن کی مجموعی مالیت 1.83 ارب روپے سے زائد ہے۔
، یونیورسل سروس فنڈ نے بتایا ہے کہ یہ منصوبے 10 اضلاع میں 347 ایسے علاقوں کے 965,000 سے زائد رہائشیوں کو 4G سروسز فراہم کریں گے جہاں خدمات یا تو بالکل موجود نہیں یا ناکافی ہیں۔ ان اضلاع میں اٹک، خوشاب، سرگودھا، بہاولپور، فیصل آباد، حافظ آباد، شیخوپورہ، چنیوٹ، بدین اور ایبٹ آباد شامل ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ڈیجیٹل خلا کو پُر کرے گا، معاشی ترقی کو فروغ دے گا اور کمیونٹیز کو تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کر کے بااختیار بنائے گا۔