پاکستان نے بچوں اور مسلح تنازعات پر سالانہ رپورٹ سے اپنے حوالہ جات ہٹانے کے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ ایک اہم پیشرفت ہے جو اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کی تعمیری، مسلسل اور بھرپور سفارتی مشاورت ، خاص طور پر سیکریٹری جنرل کے نمائندہ برائے امورِ اطفال و مسلح تنازعات (ایس آر ایس جی- سی اے اے سی) کے ساتھ قریبی تعاون کی عکاس ہے۔

۔

یہ فیصلہ بچوں کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے پاکستان کی مضبوط ادارہ جاتی، قانون سازی اور پالیسی اقدامات کو عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے کا مظہر ہے۔ یہ اس بات کی بھی توثیق ہے کہ پاکستان اپنے قومی قانونی و ادارہ جاتی ڈھانچے کو بین الاقوامی اصولوں اور بہترین عملی طریقوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ تنازعات اور تشدد سے متاثرہ بچوں کا موثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

پاکستان نے بچوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور روشن مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔