وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ سیل قائم کردیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ایک خصوصی ہیلپ لائن 1124 بھی عوامی شکایات کے ازالے کے لیے قائم کردی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام جیل خانہ جات، سول ڈیفنس، ہائی وے پٹرولنگ اور سیکیورٹی کمپنیوں سے متعلق رہنمائی یا شکایات کے لیے 1124 پر کال کر سکتے ہیں۔ کسی بھی مقام پر بم یا مشکوک اشیاء کی اطلاع دینے کے لیے بھی ہیلپ لائن 1124 کی سہولت دستیاب ہے۔

پنجاب کی بڑی شاہراﺅں پر دوران سفر مدد یا رہنمائی کے لئے پنجاب ہائی وے پٹرول سے رابطہ کا سسٹم قائم کردیا گیا ہے۔ مسافر گاڑی کی خرابی، ڈکیتی یا کسی بھی ہنگامی صورت میں مدد کے لئے 1124 پر کال کر سکتے ہیں -پبلک ٹرانسپورٹ پر اوورلوڈنگ اورغیر محتاط ڈرائیونگ کے بارے 1124 پر اطلاع پر فوری کارروائی ہوگی-

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسافر پنجاب کی کسی بھی شاہراہ پر سفر کے دوران طبی امداد کے لئے بھی ہیلپ لائن پر کال کرسکتے ہیں-ہیلپ لائن پر کال کی صورت میں ہائی وے پٹرولنگ اسٹاف کے نامناسب رویہ کا بھی ازالہ کیا جائے گا- 1124 پر قیدیوں سے ملاقات یا ضروری سامان کی فراہمی میں دشواری کی صورت میں شکایت کا اندراج ممکن ہوسکے گا-

مریم نواز نے کہا کہ جیل عملے کے نامناسب رویے، جیسے رشوت طلب کرنے، سے متعلق شکایات بھی 1124 پر درج کرائی جا سکتی ہیں۔ سیکیورٹی گارڈز یا سیکیورٹی کمپنیوں سے متعلق شکایات کا بھی ہیلپ لائن پر فوری ازالہ ممکن ہے، تاہم اگر کسی سیکیورٹی گارڈ کو مقررہ اجرت سے کم تنخواہ دی جا رہی ہو تو متعلقہ سیکیورٹی کمپنی کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے ایل پی جی گیس کی غیر قانونی فروخت یا منتقلی پر بھی ہیلپ لائن 1124 پر شکایت کا ازالہ ہوگا-ملٹی اسٹوریج بلڈنگ میں ایمرجنسی اخراج کا نظام نہ ہونے پر بھی ہیلپ لائن پر اطلاع دی جا سکتی ہے-پٹرول پمپ یا گیس اسٹیشن پر آگ بجھانے کے ضروری انتظامات نہ ہونے پر محکمہ داخلہ کی ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میری ٹیم اور میں عوام کی جان و مال کے تحفظ اور خدمت کے لیے پُرعزم ہیں، عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ پنجاب کی شاہراہوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہائی وے پٹرولنگ کو دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے، ہم قیدیوں کے قانونی حقوق کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں گے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025