ایمریٹس ایئر لائن کو سال 2025 کے عالمی ایئر لائن ایوارڈز میں دنیا کی چوتھی بہترین ایئر لائن اور مشرق وسطیٰ کی دوسری بہترین ایئر لائن قرار دیا گیا ہے جو انٹرنیشنل اسکائی ٹریکس تنظیم کی طرف سے منعقد کیے گئے۔ یہ اعزاز پیرس ایئر شو کے دوران منگل کو ایک گالا تقریب میں دیا گیا جس کی تفصیلات اسکائی ٹریکس کی جاری کردہ پریس ریلیز میں دی گئی ہیں۔

قطر ایئر ویز نے نویں مرتبہ پہلی پوزیشن حاصل کی جس کے بعد سنگاپور ایئر لائنز اور کیتھے پیسیفک ایئر ویز آئے۔ قطر کو مشرق وسطیٰ کی بہترین ایئر لائن، دنیا کی بہترین بزنس کلاس اور بہترین بزنس کلاس ایئر لائن لاؤنج کا بھی اعزاز ملا۔

اسکائی ٹریکس جو لندن میں قائم بین الاقوامی ہوائی نقل و حمل کی درجہ بندی کی معروف تنظیم ہے، نے اس سروے کے لیے 325 سے زائد ایئر لائنز کا جائزہ لیا اور ان کی درجہ بندی کی۔

ایمریٹس ایئر لائن کو دنیا کی تیسری سب سے بہترین فیملی فرینڈ ایئر لائن کے طور پر بھی منتخب کیا گیا اور اسے عالمی سطح پر بہترین فرسٹ کلاس کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

اسکائی ٹریکس کے سی ای او ایڈورڈ پلیسٹیڈ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم 2025 کے پیرس ایئر شو میں ورلڈ ایئر لائن ایوارڈز منعقد کررہے ہیں۔

یہ دنیا کا سب سے بڑا ہوائی شو ایونٹ ہے اور پیرس شو میں ہمارا ایوارڈ پروگرام منعقد کرنا ایئر لائنز کے لیے ہمیشہ بہت مقبول انتخاب رہا ہے۔

پیرس ایئر شو 22 جون کو اختتام پذیر ہوگا۔