وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے اسرائیل کو جوہری جوابی کارروائی کی دھمکی دینے سے متعلق خبروں کو دوٹوک انداز میں مسترد کر دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں انہوں نے ان دعوؤں کو گمراہ کن اور جھوٹا قرار دیا ہے۔

۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور ہمارا جوہری اور میزائل پروگرام صرف قومی دفاع اور سلامتی کے لیے ہے۔

پاکستان نے اسرائیل پر ایٹمی حملے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ ایسی جھوٹی اور گمراہ کن معلومات قومی مفادات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سوشل میڈیا پر من گھڑت ویڈیوز اور جھوٹے بیانات کے ذریعے پاکستانی حکام سے منسوب ایٹمی دھمکیوں کی غلط اطلاعات گردش کر رہی ہیں۔

اسحاق ڈار نے خبردار کیا کہ ایسے حساس معاملات پر غیر ذمہ دارانہ تبصرے اور جعلی خبریں نہ صرف عوام کو گمراہ کرتی ہیں بلکہ پاکستان کی عالمی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔

انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ احتیاط سے کام لیں اور صرف مصدقہ معلومات پر انحصار کریں۔