پاکستان نے جمعہ کو کہا کہ اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے باوجود ملک کی فضائی حدود مؤثر طور پر استعمال ہو رہی ہے

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے ) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بین الاقوامی پروازیں معمول کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود سے گزررہی ہیں اور کسی قسم کی رکاوٹ یا خلل کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

بیان میں کہا گیا کہ فضائی ٹریفک میں اضافے کو مربوط اور پیشہ ورانہ حکمتِ عملی کے تحت مؤثر طریقے سے سنبھالا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی اوور فلائٹس کو بغیر کسی تاخیر یا پابندی کے ہموار طریقے سے سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

پی اے اے نے کہ کہ ہم تمام پروازوں کی روانی، سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر فضائی حدود کے انتظام اور متعلقہ اداروں سے قریبی رابطے کے ذریعے پوری طرح پرعزم ہیں۔

یہ اعلامیہ ایسے وقت میں جاری کیا گیاجب اسرائیل نے جمعہ کو کہا کہ اس نے ایران کی جوہری تنصیبات، بیلسٹک میزائل فیکٹریوں اور فوجی کمانڈروں کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیل کے مطابق یہ کارروائی ایک طویل آپریشن کا آغاز ہے، جس کا مقصد تہران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنا ہے۔