جمعہ کے روز ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد پاکستان، اسرائیل اور مصر کے طویل المدتی ڈالر بانڈز کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، جبکہ اسرائیلی کرنسی شیکل کی قدر میں بھی نمایاں گراوٹ آئی۔
پاکستان کا 2031 میں میچور ہونے والا بانڈ 1 سینٹ سے زائد کم ہو کر 78.61 سینٹس پر بولی گیا۔
صبح 7 بجکر 13منٹ جی ایم ٹی کے مطابق شیکل کی قدر امریکی ڈالر کے مقابلے میں 2 فیصد کم ہو کر 3.63 پر آ گئی، جبکہ رات کے وقت یہ 6.793 کی سطح پر پہنچ گیا تھا، جو گزشتہ سات ہفتوں میں سب سے کمزور سطح تھی۔
اسرائیل کا 2140 میں میچور ہونے والا بانڈ 1.45 سینٹس کی کمی کے ساتھ 65.61 سینٹس فی ڈالر پر آ گیا، جبکہ مصر کا 2049 بانڈ تقریباً 2 سینٹس کم ہو کر 77.36 سینٹس پر بولی گیا۔
اسرائیل نے جمعہ کو ایران کے خلاف وسیع پیمانے پر حملے شروع کیے، جو ایک طویل آپریشن کا آغاز ہیں جس کا مقصد تہران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا ہے۔ جواب میں ایران نے اسرائیلی سرزمین کی جانب تقریباً 100 ڈرونز بھیجے، جنہیں اسرائیل روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔