حکام کے مطابق، جمعرات کو بھارت کے مغربی شہر احمد آباد سے ٹیک آف کے چند منٹ بعد لندن جانے والا ایئر انڈیا کا طیارہ، جس میں 242 افراد سوار تھے، حادثے کا شکار ہو گیا جس میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔
حادثے پرعالمی رہنماؤں کے سامنے آنے والے بیانات یہ ہیں:
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر لکھا کہ احمد آباد میں پیش آنے والا سانحہ ہمیں ہلا کر رکھ گیا ہے اور ہمارے دکھ الفاظوں میں ناقابل بیان ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں میرے خیالات ان تمام افراد سے متعلق ہیں جو اس واقعے سے متاثر ہوئے ہیں۔ میں ان وزیروں اور حکام سے رابطے میں ہوں جو متاثرین کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔
برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے ایکس پر لکھا کہ لندن جانے والے طیارے کے حادثے کی منظر کشی، جس میں بہت سے برطانوی شہری بھی سوار تھے دل دہلا دینے والی ہے۔“
انہوں نے کہا کہ صورتحال پر پیش رفت سے آگاہ رکھا جارہا ہے اور اس مشکل وقت میں میرے خیالات مسافروں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
برطانوی بادشاہ چارلس کا ایکس پر بیان:
کنگ چارلس نے لکھا کہ میں اور میری بیوی آج صبح احمد آباد میں پیش آنے والے المناک واقعے سے شدید صدمے میں ہیں۔ ہماری خصوصی دعائیں اور ہمدردی ان تمام خاندانوں اور دوستوں کے ساتھ ہیں جو اس دلخراش سانحے سے متاثر ہوئے ہیں جس سے کئی دیگر ممالک بھی متاثر ہوئے۔
بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کا مودی کو پیغام:
انہوں نے کہا کہ ہم اس المناک واقعے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے تمام خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
محمد یونس کے بقول ہم بھارت کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ہر ممکن تعاون کی پیشکش کرتے ہیں۔
یورپی کمیشن کی صدر اورسولا وان ڈیر لائین کا ایکس پر پیغام:
انہوں نے کہا کہ میں ان خاندانوں اور پیاروں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں جو اس افسوسناک نقصان پر غمزدہ ہیں۔
انہوں نے مودی کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ یورپ اس غمگین لمحے میں آپ اور بھارت کے عوام کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے۔
روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا ردعمل
انہوں نے کریملن کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ٹیلی گرام پیغام میں کہا کہ احمد آباد ایئرپورٹ پر ہوائی جہاز کے حادثے کے المناک نتائج پر میری گہری تعزیت قبول کیجئے۔
انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کے خاندانوں اور دوستوں کو خلوص دل سے ہمدردی اور تہنیتی پیغامات پہنچائیں اور اس تباہی میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کریں۔
فرانسیسی صدر میکرون کی پوسٹ
ایمانویل میکرون نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ہمیں بھارت کے شہر احمد آباد میں پیش آنے والے المناک ہوائی جہاز کے حادثے کے بارے میں شدید ہیجان انگیز کیفیت کے ساتھ معلوم ہوا ہے۔ اس دکھ بھرے لمحات میں میں متاثرہ افراد کے پیاروں اور مودی کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے ایکس پر کہا:
انہوں نے پیغام میں کہا کہ احمد آباد میں مسافر طیارے کے حادثے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے، اس المناک وقت میں آسٹریلیا کے خیالات ان تمام متاثرین کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت باقاعدہ اپ ڈیٹس حاصل کر رہی ہے اور ہم صورتحال پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں۔ آئرش وزیر اعظم مائیکل مارٹن نے ایکس پر کہا کہ آج احمد آباد میں ہونے والے خوفناک طیارہ حادثے کے بعد میرے خیالات اور دعائیں بھارت کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔ میں ان تمام افراد کے خاندانوں کے بارے میں سوچ رہا ہوں جو جہاز میں سوار تھے اور ان ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کے لیے بھی جو موقع پر موجود ہیں۔“
برطانوی ایئرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن کی جنرل سیکریٹری ایمی لیورسیج کا پیغام
انہوں نے اپنے پیغا میں کہا کہ دنیا بھر کے پائلٹس اس خبر سے گہرے دکھ میں مبتلا ہیں۔ برطانوی ایئرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن کے اراکین متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ضروری ہے کہ اب مکمل اور جامع تحقیقات کی جائیں، بغیر کسی مداخلت یا غیر ضروری قیاس آرائی کے، تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔