سپرنیٹ لمیٹڈ، جو پاکستان کی ایک ٹیکنالوجی پر مبنی کمپنی ہے، نے بدھ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے اطلاع دی کہ اس کی ذیلی کمپنی ”سپرنیٹ سکیور سلوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ“ نے ملک کے ایک بڑے ٹیلی کام آپریٹر کے ساتھ کثیر سالہ، ملٹی ملین ڈالرز مالیت کے سائبر سیکیورٹی منصوبوں کے معاہدے کیے ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا کہسپرنیٹ لمیٹڈ کو یہ اعلان کرتے ہوئے فخر ہے کہ اس کی ذیلی کمپنی سپرنیٹ سکیور سلوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ کو ملک کے ایک بڑے ٹیلی کام آپریٹر سے سائبر سیکیورٹی سلوشنز کے کثیر سالہ، ملٹی ملین ڈالر معاہدے دیے گئے ہیں۔

اگرچہ ٹیلی کام آپریٹر کے نام کا انکشاف نہیں کیا گیا، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ طویل المدتی اور بلند قیمت منصوبے کمپنی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہیں اور یہ اس کی صلاحیتوں پر پاکستان کی نمایاں کاروباری اداروں کے اعتماد کا اظہار ہیں۔

نوٹس میں مزید کہا گیا کہیہ شراکت داری نہ صرف سپر سکیور کی صنعت میں موجودگی کو مستحکم کرتی ہے بلکہ پاکستان کے قومی ڈیٹا سیکیورٹی انفرا اسٹرکچر کی بہتری میں بھی نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان نے اپنی سائبر سیکیورٹی دفاع کو مزید مؤثر بنانے کا عمل تیز کر دیا ہے۔ گزشتہ ماہ پاکستان نے اپنی کرنسی اور کیپیٹل مارکیٹس کے انفرا اسٹرکچر کو ممکنہ بھارتی سائبر حملوں سے بچانے کے لیے سیکیورٹی اقدامات سخت کیے۔

سپرنیٹ نے مزید بتایا کہ یہ معاہدہ نہ صرف کاروباری سطح پر مثبت اثر ڈالے گا بلکہ کمپنی کی ترقی کی وسیع حکمت عملی سے بھی ہم آہنگ ہے، اور اسے پاکستان کے ٹیکنالوجی و سائبر سیکیورٹی منظرنامے میں ایک کلیدی حیثیت فراہم کرے گا۔

سپرنیٹ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے جی ای ایم بورڈ پر درج ہونے والی پہلی ٹیکنالوجی کمپنی ہے۔ 1995 میں قائم کی گئی یہ کمپنی ٹیلی کمیونی کیشن سروسز اور سسٹم انٹیگریشن کے شعبے میں پاکستان کی نمایاں کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔