پاکستانی وزارت داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول نے ایک سرکاری نوٹیفکیشن کے ذریعے بلوچستان میں سرگرم تمام دہشت گرد گروہوں اور تنظیموں کو نئے نام ”فتنہ الہندستان“ سے موسوم کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن نمبر 13/74/2025-این اے پی کے مطابق، یہ نئی اصطلاح ان گروہوں کی دہشت گردانہ کارروائیوں میں بھارت (جسے نوٹیفکیشن میں ”ہندستان“ کہا گیا ہے) کے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔ وزارت نے ان تنظیموں کی سرگرمیوں کو پاکستان کی خودمختاری، اسلامی اقدار، اور سماجی روایات کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ”اس تبدیلی کا مقصد ان دہشت گرد گروہوں کی حقیقی نوعیت، نظریات، اور پاکستان کے عوام کے خلاف بھارت (ہندستان) کے مذموم عزائم کو اجاگر کرنا ہے۔“

حکم دیا گیا ہے کہ تمام سرکاری ادارے فوری طور پر اس اصطلاح کو اپنی سرکاری دستاویزات اور مراسلت میں استعمال کریں۔ یہ نوٹیفکیشن تمام وزارتوں، ڈویژنز، اور صوبائی چیف سیکریٹریز کو ارسال کر دیا گیا ہے، جبکہ وزیراعظم کے مشیر کو بھی اس کی کاپی بھیج دی گئی ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025