وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل خوش اسلوبی سے حل کیے جائیں گے اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
بلوچستان گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چاروں صوبے آپس میں بھائی ہیں اور ملک کے وسائل میں برابر کے شریک ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں سولرائزیشن منصوبے پر 70 ارب روپے خرچ کر رہی ہے جبکہ قومی شاہراہ N-25 کی تعمیر کے لیے 150 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ فنڈز اُس رقم سے حاصل کیے جائیں گے جو حکومت کو عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد حاصل ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے ایک ہزار ارب روپے مختص کیے جائیں گے، جن میں سے 25 فیصد یعنی 250 ارب روپے بلوچستان کے منصوبوں کے لیے مخصوص ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی فنڈز بلوچستان کے عوام کا حق ہیں اور اس حق کا ہر ایک پیسہ صوبے کی ترقی و خوشحالی پر شفاف انداز میں خرچ کیا جائے گا۔