فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے بدھ کے روز کہا ہے کہ فرانس اور انڈونیشیا کے درمیان ایک ابتدائی دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں، جو رافیل لڑاکا طیاروں اور اسکورپین آبدوزوں سمیت فرانسیسی دفاعی ساز و سامان کے نئے آرڈرز کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔

میکرون نے انڈونیشیا کے صدر پرابووو سبیانتو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں خوش ہوں کہ آج دستخط ہونے والا مشترکہ تعاون کے عزم کا ابتدائی معاہدہ (لیٹر آف انٹنٹ) ایک نئے دور کے آغاز کا سبب بن سکتا ہے، جس میں رافیل، اسکورپین آبدوزوں اور ہلکی فریگیٹس کے نئے آرڈرز شامل ہوں گے۔

صدر پرابووو نے کہا کہ فرانس انڈونیشیا کے اہم دفاعی شراکت داروں میں شامل ہے، کیونکہ انڈونیشیا اپنی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ کر رہا ہے اور مشترکہ پیداوار اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے ذریعے دفاعی صنعت کو ترقی دے رہا ہے۔

صدر میکرون منگل کی شب ویتنام سے جکارتہ پہنچے، جو ان کے جنوب مشرقی ایشیا کے دورے کا دوسرا مرحلہ ہے۔ وہ جمعرات کو سنگاپور روانہ ہوں گے۔

پیرس اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کی صبح ڈاسو ایوی ایشن کے حصص کی قیمت 3.4 فیصد بڑھ گئی۔ گزشتہ ماہ رافیل طیاروں کی کارکردگی اس وقت زیرِ بحث آئی جب میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارتی فضائیہ کے رافیل طیارے پاکستانی فضائیہ کے چینی ساختہ طیاروں کے ہاتھوں مار گرائے گئے تھے۔

انڈونیشیا کو اب تک 2022 میں طے پانے والے رافیل معاہدے کے تحت کوئی طیارہ موصول نہیں ہوا۔ انڈونیشیا کی فضائیہ کے سربراہ محمد ٹونی ہرجونو نے فروری میں بتایا تھا کہ ابتدائی چھ رافیل طیارے 2026 کے اوائل میں پہنچنے کی توقع ہے، جیسا کہ سرکاری خبر رساں ایجنسی ”انتارا“ نے رپورٹ کیا ہے۔

رافیل معاہدے کے علاوہ، انڈونیشیا نے 2024 میں فرانسیسی سرکاری شپ یارڈ نیول گروپ کے ساتھ دو اسکورپین آبدوزوں کی خریداری کا معاہدہ کیا، جبکہ 2023 میں فرانس کی کمپنی ”تھالس“ سے 13 طویل فاصلے تک نگرانی کرنے والے ریڈارز خریدنے کا اعلان کیا تھا۔

اسرائیل غزہ تنازع

دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے باعث غزہ میں پیدا ہونے والے سنگین بحران پر تبادلہ خیال کیا۔

انڈونیشیا کے صدر پرابووو نے کہا کہ جب اسرائیل فلسطین کو تسلیم کرے گا تو انڈونیشیا بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے اور اس کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے لیے تیار ہوگا۔

واضح رہے کہ فی الوقت انڈونیشیا اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور دونوں ممالک کے درمیان کوئی سفارتی تعلقات موجود نہیں۔

فرانسیسی صدر میکرون نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے دو ریاستی حل کی اپنی خواہش کا اعادہ کیا۔

الیکٹرک گاڑیوں کے بیٹری نظام سے متعلق شراکت داری

فرانس اور قدرتی معدنی وسائل سے مالامال انڈونیشیا کے درمیان متعدد دیگر معاہدے اور 11 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی 20 سے زائد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے، جیسا کہ انڈونیشیا کے چیف اقتصادی وزیر ایرلانگگا ہارتارتو نے ایک کاروباری فورم میں بتایا ہے۔

ان معاہدوں میں ایک اہم مفاہمتی یادداشت فرانسیسی کان کنی کمپنی ایرامیٹ اور انڈونیشیا کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈز دننتارا اور انڈونیشیا انویسٹمنٹ اتھارٹی (آئی این اے) کے درمیان تعاون پر مبنی ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اس معاہدے کا مقصد نِکل (ایک صنعتی دھات) کے شعبے میں ایک اسٹریٹجک سرمایہ کاری پلیٹ فارم قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لینا ہے، جو خام مال سے لے کر مکمل تیاری تک تمام مراحل پر محیط ہوگا۔

یہ شراکت داری الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریوں کے لیے درکار خام مواد کی تیاری اور ترقی کے لیے اہم قدم سمجھی جا رہی ہے۔

بیان کے مطابق ابتدائی تجزیہ کے ذریعے ممکنہ منصوبوں کی نشاندہی کی جائے گی۔

دننتارا کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر پاندو ساجھریر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ دونوں خودمختار سرمایہ کاری فنڈز طویل مدتی مالی معاونت کا انتظام سنبھالیں گے، جبکہ فرانسیسی کان کنی کمپنی ایرامیٹ بڑے پیمانے پر کان کنی کے منصوبوں کی تکمیل میں اپنی تکنیکی مہارت اور تجربہ فراہم کرے گی۔

انڈونیشیا نِکل پیدا کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے، اور اس دھات کے سب سے بڑے معلوم ذخائر بھی وہیں پائے جاتے ہیں۔

فرانسیسی فوڈ کمپنی ڈینون اور ٹوٹل انرجیز نے بھی اس موقع پر معاہدوں پر دستخط کیے، جیسا کہ رائٹرز ٹی وی پر نشر کی گئی دستخطی تقریب کی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے۔