بھارتی خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، بھارت نے بدھ کے روز ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ کے آفیشل ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ کو بلاک کر دیا ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی حکام نے ایکس کو 8,000 سے زائد اکاؤنٹس بلاک کرنے کی ہدایت دی ہے، جن میں بین الاقوامی نیوز ادارے اور ممتاز صارفین شامل ہیں۔
ایکس نے بتایا کہ زیادہ تر کیسز میں بھارتی حکومت نے یہ واضح نہیں کیا کہ کن مخصوص پوسٹس نے مقامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
ایکس نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے مخصوص اکاؤنٹس کو صرف بھارت میں بند کر رہے ہیں۔ ہم نے یہ عمل شروع کر دیا ہے۔ تاہم، ہمیں بھارتی حکومت کے ان مطالبات سے اختلاف ہے۔ پورے اکاؤنٹس کو بلاک کرنا نہ صرف غیر ضروری ہے بلکہ یہ موجودہ اور مستقبل کے مواد کی سینسرشپ کے مترادف ہے، اور اظہارِ رائے کی بنیادی آزادی کے بھی خلاف ہے۔
یہ بھارتی حکم اُس وقت آیا ہے جب بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان نے جوابی ڈرون اور میزائل حملے کیے۔